اسلام آباد: سندھ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کمپنیاں صوبے میں سیلز ٹیکس زیادہ ہونے کی وجہ سے اپنی کمپنیاں مسلسل دوسرے صوبوں میں منتقل کررہی ہیں، وفاقی حکومت نے اس صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ یہ معاملہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کی آئی ٹی اور ٹیلی کام پر ٹاسک فورس کے ساتویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ وہ آئی ٹی کی برآمدات سے ہونے والے ریونیو پر سیلز ٹیکس ختم کرنے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹریز ٹیکس زیادہ ہونے کی وجہ سے سندھ سے دیگر صوبوں میں منتقل ہو رہی ہیں۔
امین الحق نے مزید کہا کہ انکی وزات ملک میں موبائل فونز کے مینوفیکچرنگ معیار اور آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے پُرعزم ہے، فائبر آپٹک کیبلز بچھائی جا رہی ہیں اور ملک کے دُور دراز علاقوں میں براڈبینڈ سروسز کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔