اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ نیویارک میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے ملکیتی روز ویلٹ ہوٹل سے متعلق تمام فیصلے قومی مفاد میں شفاف انداز میں کئے جائیں گے۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں مشیر خزانہ کو روزویلٹ ہوٹل سے متعلق امور کے بارے میں اپ ڈیٹ بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کے مشیر نے یہ معاملہ منصفانہ، انتہائی شفاف اور بہترین قومی مفاد میں حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام فیصلوں اور مذاکرات میں سیکرٹری ہوا بازی سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔
ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے مزید ہدایت کی کہ یہ ہر کسی کو معلوم ہونا چاہیے کہ اس معاملہ کو ایسے اندازمیں آگے لے جایا جائے گا جو کسی فرد یا پارٹی کے نہیں بلکہ بہترین قومی مفاد میں ہو گا۔
اجلاس میں میسرز کارکے کے حوالے سے قانونی چارہ جوئی سے متعلق واجبات کی ادائیگی کیلئے 252.382 ملین روپے کے مساوی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
کمیٹی کے اجلاس میں ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ٹیکسوں اور امپورٹ ڈیوٹیز کے بغیر 83 ایکس میکرون سپریئرز کی خریداری کی اجازت دیدی گئی۔
اجلاس میں ٹیلی کام کے شعبہ سے متعلق ٹیکسیشن کے معاملات کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اس ضمن میں پہلے سے موجود ٹیکسوں کی شرح پر اثرات بارے ایف بی آر، وزارت تجارت اور وزارت صنعت سے مشاورت کرکے ای سی سی کو سفارشات اور تجاویز پیش کی جائیں۔