دھابیجی سپیشل اکنامک زون کی تعمیر کا ٹھیکہ بلیک لسٹ چینی کمپنی کو ملنے کا امکان

سندھ حکومت نے منصوبے کا ٹھیکہ دینے کے لیے صرف دو کمپنیاں شارٹ لسٹ کی ہیں جن میں سے ایک چائنہ ہاربر انجینئرنگ کمپنی ہے جو کہ متعدد ممالک اور ورلڈ بنک کی جانب سے بلیک لسٹ قرار دی جاچکی ہے، مزید برآں اسے اقتصادی زونز کی تعمیر کا تجربہ بھی کوئی نہیں ہے۔

1134

اسلام آباد :  سندھ میں چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور منصوبے کے تحت بننے والے دھابیجی سپیشل اکنامک زون کا ٹھیکہ بلیک لسٹ چینی فرم کو ملنے کا امکان۔

ذرائع کا پرافٹ اردو کو بتانا تھا  کہ سندھ حکومت منصوبے کے لیے بڈنگ کا عمل مکمل کرنے کے قریب پہنچ چکی ہے مگر اس نے ٹھیکہ دینے کے لیے صرف دو کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے جبکہ عمومی طور پر تین کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا جاتا ہے۔

ذرائع  نے مزید بتایا  کہ منصوبے کا ٹھیکہ چائنہ ہاربر انجینئرنگ کمپنی کو دیے جانے کا امکان ہے مگر اس کمپنی کو متعدد ممالک اور ورلڈ بنک کی جانب سے بلیک لسٹ قرار دیا جاچکا ہے۔

مزید برآں اس کمپنی کو خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کا کوئی تجربہ بھی نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

پاکستان اور چین کا سی پیک کی تعمیر میں عالمی برادری کی شمولیت پر اتفاق

دھابیجی خصوصی اقتصادی زون منصوبے کی بڈنگ میں شامل ایک مقامی کمپنی  نے حکومت کی جانب سے بڈنگ کے عمل پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پرافٹ سے گفتگو میں اس کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ حکومت مقامی فرموں کو نظر انداز کرکے بلیک لسٹ غیر ملکی کمپنیوں کو سہولیات فراہم کررہی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ حکومت میں آئے دو سال گزر جانے کے باوجود پی ٹی آئی نے خصوصی اقتصادی زونز سے متعلق پالیسی تبدیل نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے  منصوبہ جات کے لیے پاکستان کو شفافیت پر مبنی پالیسیاں بنانی چاہیے۔

پرافٹ نے معاملے پر مؤقف کے لیے سندھ سپیشل اکنامک زونز مینجمنٹ کمپنی (SEZMC) سے متعدد مرتبہ رابطہ کیا۔

یہ بھی پڑھیے :

سی پیک پر پیشرفت سست ہوگئی؟ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا بڑا بیان سامنے آگیا

سندھ سپیشل اکنامک زونز مینجمنٹ کمپنی سندھ حکومت کے محکمہ سرمایہ کاری کے تحت کام کرتی ہے۔ کمپنی نے سندھ میں دھابیجی سپیشل اکنامک زون منصوبے کے لیے بڈنگ کے لیے مختلف ملکی و غیر ملکی اخبارات میں اشتہارات دیے تھے۔

جس کے نتیجے میں تیس ملکی و غیر ملکی کمپنیوں  نے منصوبے میں دلچسپی ظاہر کی جن میں زیادہ تر کمپنیاں چینی تھیں۔

منصوبے کی دستاویزات کے مطابق اس کا ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی کو پانچ سے دس سال کے لیے انکم ٹیکس استثنی دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی منصوبے کے لیے پلانٹس اور مشینری بنا ڈیوٹی کے درآمد کرسکے گی جبکہ منصوبے کی لیز کی مدت پچاس سال ہوگی۔

دھابیجی سپیشل اکنامک زون سی پیک کا ترجیحی منصوبہ ہے جو کہ ٹھٹہ میں 1 ہزار  530 ایکڑ زمین پر بنایا جائے گا اور اس اقتصادی زون میں سٹیل، تعمیراتی سامان، پیٹرو کیمیکل، لائٹ انجینئرنگ، ٹیکسٹائل اینڈ گارمنٹس، ایف ایم سی جی  صنعتوں کے علاوہ وئیر ہاوسز بنانے کا پلان ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here