اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ملکوں کے مابین کاروباری تعلقات کا استحکام ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
یہ بات انہوں نے توانائی، مواصلات، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، مالیاتی اور صنعتی سیکٹر سے تعلقات رکھنے والی چین کی 10 سرفہرست کمپنیوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
وفد میں پاور کنسٹرکشن کارپوریشن آف چائنہ، چائنہ روڈ اینڈ بریج کارپوریشن، چائنہ گیژوبا (گروپ) پاکستان، چائنہ تھری گورجیز ساﺅتھ ایشیا انوسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ، چائنہ ریلوے گروپ لمیٹڈ، انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن اور چائنہ موبائل پاکستان لمیٹڈ کے نمائندے شامل تھے۔
اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر یاﺅجنگ اور ہائیر کمپنی کے سی ای او جاوید آفریدی بھی موجود تھے۔ وزیر مواصلات مراد سعید، وزیر صنعت محمد حماد اظہر، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف آر بخاری، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
چینی وفد نے پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں اور کاروباری کمیونٹی کو سہولتوں کی فراہمی میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وفد نے موجودہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں بالخصوص کاروبار کیلئے آسانیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں مختلف سیکٹرز میں کاروبار کو مزید توسیع دینے اور سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
چینی وفد نے کہا کہ پالیسی اور عملدرآمدی سطح پر مختلف اصلاحات متعارف کرانے سے چینی کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور ہم پاکستان کو اہم پارٹنر سمجھتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے چینی کمپنیوں کے نمائندوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مستحکم کرنے کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مشترکہ اہداف و مقاصد ہیں، دونوں ملکوں کے مابین کاروباری تعلقات کا استحکام ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے چینی سرمایہ کاروں کو یقین دہانی کرائی کہ ہماری حکومت چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔