اسلام آباد: سعودی عرب اور یواے ای کے علاوہ خلیج تعاون کونسل کے باقی رکن ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں 49.92 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء میں خلیج تعاون کونسل کے ممالک بحرین، کویت، قطر اور عمان میں مقیم پاکستانیوں نے 296.95 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 49.92 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ سال جولائی میں ان ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 198.07 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔
اعداد وشمارکے مطابق جولائی 2020ء میں عمان میں مقیم پاکستانیوں نے 102.01 ملین ڈالر، قطر82.49 ملین ڈالر، کویت 69.83 ملین ڈالر اور بحرین میں مقیم پاکستانیوں نے 42.62 ملین ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان ارسال کیا۔
گزشتہ سال جولائی میں اِن ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے بالترتیب 65.39 ملین ڈالر، 36.88 ملین ڈالر، 64.16 ملین ڈالر اور 31.64 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔
واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر ملک ارسال کرنے کی شرح میں گزشتہ مالی سال کے اسی مدت کے مقابلے میں مجموعی طور پر 36.50 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔