مسابقتی کمیشن کو چینی، پولٹری سیکٹرز میں مروجہ طریقہ کار کی خلاف وزری کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم

وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو صوبوں کے ساتھ مشاورت سے گندم، آٹا اور چینی کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھنے ، ان اشیاء کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت

633

اسلام آباد: نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق سے کہا ہے کہ وہ صوبوں کے ساتھ مشاورت سے گندم، آٹا اور چینی کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھے اور ان اشیاء کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔

سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ کی زیر صدارت اجلاس میں انہوں نے صوبائی حکومتوں سے کہا کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے مارکیٹ کمیٹیوں کو معاونت فراہم کریں تاکہ صوبوں میں قیمتوں کے درمیان امتیاز نہ رہے اور ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس میں مختلف اشیاء کی قیمتوں کے رجحان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جولائی 2020ء میں سالانہ بنیادوں پر قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 9.3  فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح 51 اشیاء کی قیمتوں کی بنیاد پر متعین کردہ قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 13 اگست کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران 0.22 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اگست کے مہینے میں مسلسل دوسرے ہفتہ میں مہنگائی میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ گذشتہ ہفتہ میں 11 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

صوبائی حکومتوں اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کی انتظامیہ نے بتایا کہ مارکیٹوں میں اشیاء کی قیمتوں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جا رہی ہے اور ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے صوبوں اور اسلام آباد میں قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔

اجلاس میں صوبوں اور اسلام آباد میں مختلف اشیاء کی قیمتوں میں اتار چڑھاﺅ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزارت غذائی تحفظ و تحقیق کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت سے گندم، آٹا اور چینی کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی۔

یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی طرف سے اجلاس کو بتایا گیا کہ اشیائے ضروریہ کے سٹاک کی خریداری مسابقتی نیلامی کے ذریعے کی جاتی ہے۔

ٹینڈر کمیٹی ٹینڈر کھولنے کے موقع پر نمونہ جات کا تفصیلی معائنہ کرتی ہے تاکہ مطلوبہ معیار کے مطابق اعلیٰ معیار کی اشیاء کی خریداری کو ممکن بنایا جا سکے۔ اس ضمن میں معیار کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جاتا ہے جبکہ گوداموں کے اچانک دورے بھی کئے جاتے ہیں۔

سیکرٹری خزانہ نے یوٹیلٹی سٹورز پر کوالٹی کنٹرول کے طریقہ کار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی، اجلاس میں یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ سیب، کیلا، دال چنا، دال ماش، مسور، ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں کے ہول سیل اور ریٹیل قیمتوں میں بہت زیادہ فرق ہے۔

سیکرٹری خزانہ نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ ناجائز منافع کے مارجن پر نگاہ رکھے، اجلاس میں اس ضمن میں پاکستان بیورو برائے شماریات کو تمام صوبوں میں ہول سیل اور ریٹیل کی قیمتوں میں تفریق بارے آگاہی دینے کی ہدایت کی گئی تاکہ صوبے اس ضمن بروقت اقدامات کر سکیں۔

مسابقتی کمیشن کی جانب سے اجلاس کے شرکاء کو چینی اور پولٹری کی صنعت اور ان کی قیمتوں کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمیشن کو ہدایت کی گئی کہ وہ مارکیٹ کے مروجہ طریقہ کار کے خلاف کام کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرے۔

سیکرٹری خزانہ نے وفاق اور صوبوں میں ضروری اشیاءکی قیمتوں پر قابو رکھنے اور اس کی بآسانی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here