فیس بک کے بانی مارک زکر برگ سے فیڈرل ٹریڈ کمیشن کی پوچھ گچھ

فیڈرل ٹریڈ کمیشن فیس بک کی جانب سے ممکنہ طور پر غیر قانونی اجارہ داری پر مبنی سرگرمیوں کی تحقیقات کر رہا ہے

626

واشنگٹن : سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک  نے تصدیق کی ہے کہ فیڈرل ٹریڈ کمیشن نے اس کے سربراہ مارک زکر برگ سے پوچھ گچھ کی ہے۔

اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ کمیشن کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی اور اس کے تمام سوالات کا جواب دیا جائے گا۔

فیڈرل ٹریڈ کمیشن فیس بک کی جانب سے ممکنہ طور پر غیر قانونی اجارہ داری پر مبنی سرگرمیوں کی تحقیقات کر رہا ہے تاہم اس نے مارک زکر برگ سے ہونے والی پوچھ گچھ بارے کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔

یہ بھی پڑھیے:

پاکستانی اور بھارتی صارفین کیلئے پالیسیوں میں فرق کیوں؟ فیس بک سے وضاحت طلب

فیس بک کو اسی قسم کی تحقیقات کا سامنا جسٹس ڈیپارٹمنٹ اور ریاستی اٹارنی جنرلوں کی جانب سے بھی ہے۔

اُدھر مارک زکر برگ سے حال ہی میں ہونے والی پوچھ گچھ کے واقفان حال کا کہنا ہے کہ فیڈرل ٹریڈ کمیشن نے فیس بک کے بانی سے تحقیقاتی انٹرویو حلفیہ طور پر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

فیس بک اور سنیپ چیٹ کی ڈب سمیش کو خریدنے میں دلچسپی

یاد رہے کہ جولائی 2019  میں فیس بک صارفین کی رازداری کی خلاف ورزی پر مبنی سرگرمیوں بارے تحقیقات کے نتیجے میں پانچ ارب ڈالر کا جرمانہ بھرنے پر رضامند ہوچکی ہے۔

 صارفین کی پرائیویسی کے تحفظ کے حوالے سے کمپنی کے خلاف ہونے والی تحقیقات میں فیڈرل ٹریڈ کمیشن کو اس بات پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا کہ اس نے مارک زکر برگ کا بیان حلفیہ طور پر کیوں ریکارڈ نہیں کیا۔

جس پر کمیشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایسا کرنا غیر ضروری تھا۔

گزشتہ ہفتے ڈپٹی اٹارنی جنرل جیف روسن کا خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کے خلاف تحقیقات بھر پور انداز میں جاری ہیں۔

تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ حکومت گوگل کے خلاف اینٹی ٹرسٹ ایکشن کب لے رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here