‘سام سنگ کا پاکستان میں اسمبلنگ پلانٹ لگانے پر غور’

739

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ سمارٹ فون مینوفیکچرر کمپنی سام سنگ پاکستان میں اپنا اسملنگ پلانٹ لگانے پر غور کر رہی ہے۔ 

وفاقی وزیر حماد اظہر نے سام سنگ پاکستان کے مینجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) اور چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) کے ساتھ ایک اجلاس کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر یہ اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیے:

سرور چپس کی فروخت میں اضافہ، عالمی مارکیٹ میں سام سنگ مصنوعات کا حصہ 43.5 فیصد ہو گیا

جاز کے موبائل اکائونٹ صارفین کی تعداد میں 41 فیصد اضافہ

حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے حال ہی میں شروع کی جانے والی فونز کی شناخت، رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) اور موبائل پالیسی سے پاکستان میں سمارٹ فونز کی پیداوار میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سام سنگ حکام نے دونوں مذکورہ پالیسیوں کو سراہا اور پاکستان میں  سمارٹ فون اسمبلنگ پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ رواں سال اس سے قبل، اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے پاکستان میں پہلی موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی کی منظوری دی تھی۔

مذکورہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ کے بعد ای سی سی نے وزارتِ صنعت و پیداوار کو پالیسی میں مزید بہتری، مقامی انڈسٹری کی ترقی و ترویج اور موبائل فونز کی برآمدات کی ڈویلپمنٹ پر مراعات دینے کی ہدایت کی تھی۔

وزارتِ صنعت و پیداوار نے جنوری 2019 میں انجنئیرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) کی جانب سے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی کا آغاز کیا تھا جس کا مقصد پبلک اور نجی سیکٹر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے ذریعے پالیسی بنانا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here