روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ، اوورسیز پاکستانیوں کو کون کون سے سہولیات میسر ہوں گی؟

853

اسلام آباد: حکومت نےبیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لئے روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ متعارف کرا دیا۔

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں روشن ڈیجیٹل اکائونٹ اور اس کے تحت میسر آنے والی سہولتوں پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سٹیٹ بنک آف پاکستان (ایس بی پی) ملک کے آٹھ بڑے بنکوں کے تعاون سے روشن ڈیجیٹل اکائونٹ متعارف کرا رہا ہے جو ستمبر کے پہلے ہفتے شروع ہو گا۔

روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کی بدولت بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے اپنے ممالک سے پاکستان کے کسی بھی بنک میں بآسانی اپنا اکائونٹ کھول سکیں گے۔ اس  کی بدولت ترسیلات زر، بلوں کی ادائیگی ، سرمایہ کاری سمیت مختلف سہولیات بآسانی میسر آئیں گی۔

وزیرِ اعظم نے بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کاری کے لئے متعارف کرائے جانے والے روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے حوالے سے گورنر سٹیٹ بنک اور اشتراک کرنے والے نجی بنکوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔ وطن سے دور رہ کر ملک کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنے والے ان پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

دوسری جانب وزارت سمندر پار پاکستانیز نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی اب پاکستان میں براہ راست بینکنگ ادائیگیاں اور سرمایہ کاری کر سکیں گے۔

ترجمان وزارت اوورسیز کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن واپس آئے بغیر مکمل آپریشنل بینک اکائونٹ کھلوا سکیں گے، بینک اکائونٹ کھلوانے کیلئے بنیادی معلومات اور دستاویزات آن لائن فراہم کرنا ہوں گی۔

اوورسیز ہم وطنوں کو پاکستانی بینکنگ کا جدید ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم فراہم کیا جائے گا جس کے ذریعے انہیں فنڈز ٹرانسفر، بل پیمنٹ اور ای کامرس سمیت تمام بنیادی بینکنگ سروسز بھی دستیاب ہوں گی، منصوبے کے تحت اوورسیز پاکستانی سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کرنے کے بھی اہل ہوں گے،بینکوں کی جانب سے فکس ڈیپازٹ پراڈکٹس کی آفرز سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔

اس کے علاوہ اوورسیز پاکستانیوں کو رہائشی یا کمرشل پراپرٹی کی خریداری کیلئے براہ راست ٹرانزیکشن کی سہولت مل سکے گی، وہ اپنی مرضی سے مقامی یا فارن کرنسی میں اکائونٹ کھلوا سکیں گے جبکہ اوورسیز پاکستانی جس وقت چاہیں اپنا سرمایہ بغیر پیشگی اجازت نکال سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here