او جی ڈی سی ایل کے 7 فیصد، پاکستان پیٹرولیم کے 10 فیصد حصص فروخت کرنے کی منظوری

کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس، سروسز ہوٹل لاہور، جناح کنونشن سینٹر، پاکستان ری انشورنس کمپنی لمیٹڈ میں 20 فیصد حکومتی حصص کی فروخت کی بھی منظوری

671

اسلام آباد: کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری نے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) میں عوامی پیشکش کے ذریعہ سات فیصد تک حکومتی حصص کی فروخت کی منظوری دیتے ہوئے اس ضمن میں مالیاتی مشیر کے تقرر کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس سلسلے میں کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس جمعہ کو وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں 747 میگا واٹ بجلی کی پیداوار کے حامل گدو پاور پلانٹ کی نجکاری کی منظوری دی گئی اور نجکاری کے عمل میں سہولت کاری کیلئے تمام  وزارتوں اور ڈویژنوں کو گدو پاور پلانٹ سے متعلق مسائل کو حل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

نجکاری کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان پیٹرولئیم لمیٹد میں حکومت پاکستان کے 10 فیصد حصص کی عوامی پیشکش کے ذریعہ فروخت کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

ایوی ایشن ڈویژن کی سفارش پر کمیٹی نے ہدایت کی کہ ہوٹل روزویلٹ مین ہیٹن نیویارک کے حوالہ سے میسرز ڈولائیٹ کی رپورٹ کو نیویارک میں اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کے احیاء تک موخر رکھا جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رپورٹ کی اپ ڈیشن پر 30 ہزار سے لے کر35 ہزار ڈالر تک اخراجات آئیں گے جبکہ مین ہیٹن میں اس وقت کاروباری ماحول سازگار نہیں۔

نجکاری کمیٹی کے اجلاس میں سروسز ہوٹل لاہور، جناح کنونشن سینٹر، پاکستان ری انشورنس کمپنی لمیٹڈ میں 20 فیصد حکومتی حصص کی فروخت، ہاﺅس بلڈنگ فنانس کمپنی اور فرسٹ ویمن بینک کی ٹرانزیکشن سٹرکچر کی منظوری بھی دی گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here