یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن خسارے سے نکل کر سب سے بڑا ٹیکس ادا کرنے والا ادارہ بن گیا

مالی سال 2019-20ء میں یوٹیلٹی کارپوریشن نے 50.832 ارب روپے کی سیل کی، جولائی 2019ء سے مئی 2020ء تک 7.09 ارب روپے ٹیکس ادا کیا

266

اسلام آباد: یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان دو سال میں خسارے سے نکل کر پاکستان کا سب سے بڑا ٹیکس ادا کرنے والا ادارہ بن گیا ہے۔

سال2017-18ء میں ادار ے کی 5.46 ارب کی انونٹری تھی جبکہ مئی 2020ء تک یوٹیلٹی سٹورز کی انونٹری 15 ارب روپے مالیت کی ہے۔

یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے حکام کے مطابق سال 2017-18ء میں ادارہ کو 6.634 ارب روپے کے خسارے کا سامنا تھا۔ سال 2018-19ء میں ادارے کے ذمہ وینڈرز کے 10.283 ارب روپے واجب الادا تھے جبکہ جون 2020ء تک ادارے کے ذمے وینڈرز کے 3.491 ارب روپے واجب الادا ہیں۔

کارپوریشن کی استعداد کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم نے 8 جنوری 2020ء کو پرائم منسٹرز ریلیف پیکج کا اجراء کیا۔ اس پیکج کے تحت کارپوریشن کو اشیائے خوردونوش کی خریداری کے لیے پانچ ارب روپے جبکہ ایک ارب روپے کی سبسڈی دی گئی تاکہ عوام الناس کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

پرائم منسٹر ریلیف پیکج کے پہلے فیز میں17 اپریل 2020ء تک پانچ بنیادی اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی گئی۔ رمضان المبارک میں ریلیف پیکج کے دائرہ کارکو بڑھا کر پانچ بنیادی اشیائے ضروریہ سمیت 19 اشیاء پر عوام کو رمضان ریلیف پیکج کے تحت سبسڈی دی گئی۔

ماہ مبارک میں ادارے نے 22 ارب روپے کی ریکارڈ سیل کی۔ حکومتی سرپرستی کی وجہ سے ادارے کی سیلز 300 ملین روپے سے بڑھ کر 6 ارب روپے تک ہو گئی اور ادارے کے ذمہ واجب الادا قرضوں میں بھی بتدریج کمی آنا شروع ہو گئی۔

گزشتہ چھ ماہ میں ادارے نے 29.8 ملین گھرانوں کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ مالی سال 2018 -19ء میں ادارے کی کل سیل 9 ارب روپے تھی جبکہ مالی سال 2019-20ء میں یوٹیلٹی کارپوریشن نے 50.832 ارب روپے کی سیل کی۔ جولائی 2019ء سے مئی 2020ء تک کارپوریشن نے 7.09  ارب روپے کا ٹیکس ادا کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here