اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اِن لینڈ ریونیو انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کے حکام نے لاہور میں 4.36 ارب روپے کی ٹیکس چوری بے نقاب کر دی۔
ذرائع نے پرافٹ اردو کو بتایا کہ اِن لینڈ ریونیو انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کو اطلاع ملی تھی کہ صوبائی دارالحکومت میں ایک کھانے پینے کی اشیا بنانے والی فیکٹری اربوں روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث ہے۔
جس پر اِن لینڈ ریونیو انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن نے قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے فیکٹری پر چھاپہ مار کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھیے:
فیصل آباد : 134.45 ملین کا ٹیکس چوری کرنے والا صنعت کار بالآخر پکڑ میں آ گیا
100 بڑی پاکستانی برآمدی کمپنیوں میں ٹیکسٹائل کی 69 ، چاول برآمد کرنے والی 11 کمپنیاں شامل
ریکارڈ کی سکروٹنی میں یہ بات سامنے آئی کہ فیکٹری کے مالک نے ٹیکس چوری کے ذریعے قومی خزانے کو 4.36 ارب روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔
یہ ٹیکس چوری پیداوار اور سپلائی کے غلط اعداد و شمار کے ذریعے کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے چوری کیے گئے ٹیکس کی وصولی کے لیے متعلقہ فیلڈ آفس کو ہدایت جاری کردی ہیں۔