اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کے اجلاس میں 3.63 ارب روپے کا ایک منصوبہ منظور جبکہ 122.128 ارب روپے کی لاگت کے توانائی کے منصوبے حتمی منظوری کے لئے ایگزیکٹو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل (ایکنک) کو بھجوا دیئے گئے۔
اجلاس میں پلاننگ کمیشن کے تمام ممبران جبکہ وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلیٰ افسران نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں ورلڈ بینک کی معاونت سے خیبرپختونخوا ہائیڈرو پاور اینڈ ری نیوایبل انرجی ڈویلپمنٹ پروگرام کے لئے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کے حوالے سے 5775 ملین روپے لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس میں حتمی منظوری کے لئے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔
اجلاس میں عالمی بینک کی معاونت سے 157 میگاواٹ کے سوات ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے 79798.00 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔
اجلاس میں 85 میگاواٹ گبرال کالام پن بجلی کی تعمیر کے لئے لیے 36555.25 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے حتمی منظوری کے لیے ایکنک میں بھجوا دیا گیا۔
سینٹرل ورکنگ پارٹی نے 3629.820 ملین روپے کی لاگت کا آزاد کشمیر کے لیے “ڈیزاسٹر کلائیمیٹ ریزیلینس امپروومنٹ پروجیکٹ” منظور کر لیا۔
اجلاس میں “2160 میگاواٹ داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ اسٹیج 1” اور “پاکستان گوز گلوبل” منصوبے پر بھی غور کیا گیا لیکن چند تکنیکی وجوہات کی وجہ سے ان منصوبوں کو کلیئر نہیں کیا گیا۔
مذکورہ منصوبوں پر آئندہ اجلاس میں تبادلہ خیال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منصوبوں کی اسپانسر ایجنسی کو ہدایت کی گئی کہ وہ اگلے اجلاس میں تمام تیکنیکی وجوہات کو دور کریں۔