‘وفاقی کابینہ نے پی پی ای، ماسک برآمد اور چینی درآمد کرنے کی اجازت دے دی’

گندم اور چینی کی مصنوعی قلت دور کرنے کے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں، پی ٹی وی کا انتظام بہتر کرنے کے نیا پلان لایا جارہا ہے، پنشن کی ادائیگی بڑا مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے ماہرین کی مدد لی جائے گی : وزیر اطلاعات

509

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے چینی کی درآمد اور کورونا پرسنل پروٹیکٹیو ایکویپمنٹ ( پی پی ای ) کی برآمد کی منظوری دے دی۔

یہ بات وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں گندم اور چینی کی مصنوعی قلت دور کرنے کے لیے اقدامات اُٹھا رہی ہے اور اگلے ماہ کی سات تاریخ تک بیرون ملک سے چینی پاکستان پہنچنا شروع ہوجائے گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں پر نظر رکھنے والی کمیٹی کا اجلاس روزانہ ہوتا ہے۔ حکومت کے دو سال پورے ہونے پر وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کو ملک و قوم کی بہتری کے لیے اقدامات کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے :

پی ایس او نے ملک میں یورو فائیو فیول متعارف کروادیا

کورونا: امریکی ، کینیڈین اور یورپی شہری اب پاکستانی ماسک استعمال کریں گے

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے ملک میں تیار کی جانے والے کورونا پی پی ای اور ماسک کی برآمد کی اجازت دے دی ہے۔ خراب معیشت نے اب سنبھلنا شروع کردیا ہے۔

وزیر اطلاعات کے مطابق کابینہ نے پاکستان ٹیلی ویژن کےملازمین پر لازمی سروسز ایکٹ 1953ء کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے جبکہ  حکومت سرکاری ٹی وی کے انتظام کو بہتر کرنے کا نیا پلان لا رہی ہے جس سے ادارے کے پنشنرز کے مسائل بھی حل ہوجائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے حج اور پنشن فنڈ کے قیام پر بھی غور کیا ہے کیونکہ پنشن کی ادائیگی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے وزیراعظم نے ماہرین سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ وفاقی ملازمین کو 470 ارب روپے کی پشن ادا کی جاتی ہے جبکہ سرکاری جامعات کو اپنے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی ادائیگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شبلی فراز نے مزید کہا کہ کچھ کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز تبدیل کیے جا رہے ہیں جس کی تفصیلات جلد ہی جاری کر دی جائیں گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک اپنا رکھا ہے اور وہ کراچی کے عوام کو پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دینے کی سزا دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور وزیراعظم عمران خان بھی جلد شہر قائد کا دورہ کریں گے۔  ملک کے لیے ہر اچھی خبر اپوزیشن کے لیے بری خبر بن جاتی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here