جولائی میں ترسیلات زر بلند ترین ماہانہ سطح پر پہنچ گئیں، 2.76 ارب ڈالر موصول

یہ کسی ایک مہینے میں پاکستان میں آنے والی ترسیلات زر کی بلند ترین سطح ہے، بینک دولت پاکستان

97

کراچی: ترسیلات زر بلند ترین ماہانہ سطح پر پہنچ گئیں، جولائی میں بیرون ممالک مقیم پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات زر بڑھ کر 2768.1 ملین ڈالر ہو گئیں، یہ کسی ایک مہینے میں پاکستان میں آنے والی ترسیلات ِزر کی بلند ترین سطح ہے۔

بینک دولت پاکستان سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ترسیلات ِزر نمو کے اعتبار سے جولائی 2019ء کے مقابلے میں سال بہ سال کے لحاظ سے 36.5 فیصد اور جون 2020ء کے مقابلے میں ماہ بہ ماہ کے لحاظ سے 12.2 فیصد بڑھی ہیں۔

عالمی سطح پر کورونا وائرس کے اثرات کے پیش نظر پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات ِزر میں یہ اضافہ حوصلہ افزا ہے۔

جولائی میں سعودی عرب سے 821.6 ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 538.2 ملین ڈالر، برطانیہ سے  393.9 ملین ڈالر اور امریکہ سے 250.6 ملین ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔

گذشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں ترسیلات ِزر کی شرح نمو پچھلی دہائی کے دوران عیدالاضحی کے حوالے سے ہونے والے موسمی اضافے سے تقریبا دگنی زیادہ ہے۔

اب تک کئی عوامل نے ممکنہ طور پر ترسیلات ِزر میں نمو کو تقویت دی ہے جن میں ایکسچینج ریٹ کے حوالے سے منظم صورت ِحال اور پاکستان ریمیٹنس انیشی ایٹو کے تحت سٹیٹ بینک اور وفاقی حکومت کے پالیسی اقدامات شامل ہیں۔

ان اقدامات میں ٹیلی گرافک ٹرانسفر (ٹی ٹی) چارجز کی واپسی کی سکیم تحت ٹرانزیکشنز کرنے والوں کے لیے حد کو 200 ڈالر سے کم کرکے 100 ڈالر کرنا، ڈجیٹل چینلز اختیار کرنے کی جانب تیز رفتاری اور ترسیلات ِزر بھیجنے کے باضابطہ چینلز کو فروغ دینے کے لیے ہدفی مارکیٹنگ مہمیں شامل ہیں۔

اعدادوشمار کا معیار بہتر بنانے اور جس ملک میں رقم بھیجنے والا مقیم ہے اس کی موزوں عکاسی کے لیے اِس مہینے سے کارکنوں کی ترسیلات ِزر بلحاظ ملک مرتب کرنے کا طریقہ کار بہتر بنایا گیا ہے۔

چنانچہ اگست 2020ء اور اس کے بعد یکساں بنیاد پر ہر ملک کے حوالے سے رجحانات دستیاب ہوں گے۔ اہم بات یہ ہے کہ اعدادوشمار اکٹھا کرنے کے نئے طریقہ کار سے پاکستان میں آنے والی ترسیلات ِزر کی سطح کی رپورٹنگ متاثر نہیں ہوتی۔

اہم بات یہ ہے کہ بہتر بنائے گئے اعدادوشمار کے تحت ملکوں کے نظر ثانی شدہ حصوں سے لازما یہ نتیجہ نہیں نکلتا کہ کسی ایک ملک سے آنے والی ترسیلات ِزر دوسرے کے مقابلے میں بڑھ گئی ہیں۔

اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اب یہ بات زیادہ صحت کے ساتھ ریکارڈ پر آرہی ہے کہ ترسیلات ِزرکن ممالک سے آرہی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی طرف سے جولائی 2020ء میں بھجوائی جانے والے ترسیلات زر 2768 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جو ملکی تاریخ میں ایک ماہ میں بھجوایا جانے والا سب سے زیادہ سرمایہ ہے۔

یہ ترسیلات زر جون 2020ء کی نسبت 12.2 فیصد جبکہ جولائی 2019ء کی نسبت 36.5 فیصد زیادہ ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here