اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایم ایل ون منصوبہ سی پیک کا سب سے اہم اور کلیدی منصوبہ ہے، اس کی تکمیل سے ہزاروں ملازمتیں پیدا ہوں گی اور کئی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت ایم ایل ون (مین لائن ون) منصوبے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایم ایل ون (مین لائن ون) منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ، چیئرمین سی پیک اتھارٹی اور معاون خصوصی لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ و سینیئر افسران شریک ہوئے۔
وزیر اعظم کو ایم ایل ون پراجیکٹ پر عمل درآمد کے حوالے سے مقرر کردہ ٹائم لائنز، اب تک ہونے والی پیش رفت اور منصوبے کے ثمرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ سی پیک کا سب سے اہم اور کلیدی منصوبہ ہے۔ ایم ایل ون منصوبے سے نہ صرف ریلوے کا نظام جدید اور مضبوط ہوگا بلکہ اس منصوبے سے ہنرمندوں اور تربیت یافتہ افراد کے لیے نوکریوں کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے اور صنعتی عمل کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے سے عوام کو سفر اور مال برداری کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ ایم ایل ون منصوبے سے کاروباری برادری کے لیے جہاں کاروبار میں آسانیاں پیدا ہوں گی وہاں کاروباری لاگت میں واضح کمی واقع ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے سے سماجی و معاشی ترقی کا نیا باب روشن ہوگا۔ ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات کے تعین میں ہمارے پیش نظر عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی ہے۔