اسلام آباد: سال 2020ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران اینگرو فرٹیلائزر کی آمدنی میں 22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان سٹاک ایکس چینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے کمپنی کے نوٹس کے مطابق اپریل تا جون 2020ء کے لئے کمپنی کو 3.89 ارب روپے منافع ہوا ہے جبکہ اپریل تا جون 2019ء کے دوران اینگرو فرٹیلائزر کی آمدن 3.18 ارب روپے رہی تھی۔
اسی طرح سال 2019ء کی دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں رواں سال کے اسی عرصہ کے دوران کمپنی کی آمدنی میں 0.71 ارب روپے یعنی 22 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کمپنی کے منافع میں اضافہ کے نتیجہ میں اینگرو فرٹیلائزر کی فی حصص آمدن بھی 2.38 روپے کے مقابلے میں 3.18 روپے فی حصص تک بڑھ گئی۔
دوسری جانب 30 جون 2020ء کو ختم ہونے والی ششماہی کے لئے کمپنی کی آمدنی 38 فیصد کی کمی سے 4.46 ارب روپے رہی ہے جبکہ جنوری تا جون 2019ء کے دوران کمپنی کو 7.18 ارب روپے آمدن ہوئی تھی۔
اسی طرح چھ ماہ کے لئے کمپنی کی فی حصص آمدن بھی 5.38 روپے کے مقابلے میں 3.34 روپے فی حصص تک کم ہوئی ہے۔