بزنس مین گروپ کے تمام 15 امیدوار کراچی چیمبر کے انتخابات میں بلامقابلہ منتخب

67

کراچی: کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی ) کے انتخابات برائے 2020- کیلئے بزنس مین گروپ کے تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کو مجموعی طور پر 20 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی موصول ہوئے جن میں تمام امیدواروں کا تعلق بزنس مین گروپ (بی ایم جی) سے تھا۔ الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جن میں سے 5 کاغذات نامزدگی کو غلط قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا گیا۔

جس کے نتیجے میں باقی رہ جانے والے بی ایم جی کے تمام 15 امیدواروں کا بلامقابلہ انتخاب ہوا اور اس طرح کے سی سی آئی کے انتخابات برائے 2020-22 میں بی ایم جی کے تمام 15 امیدوار بلامقابلہ کامیاب قرار پائے۔

بزنس مین گروپ کے چیئرمین و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی نے اس موقع پر کہا کہ بی ایم جی گزشتہ 23 سالوں سے ایک سیٹ ہارے بغیر تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کرتا آ رہا ہے اور 2018ء کے انتخابات میں مخالفین کو دگنے ووٹوں سے بدترین شکست دی۔ اس سال بھی بی ایم جی اینز بلامقابلہ فتح سے ہمکنار ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ 23ویں سال کامیابی بزنس مین گروپ کی عوامی خدمات کا اعتراف ہے جو اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ تاجر و صنعتکار برادری کی اکثریت بی ایم جی کی پالیسیوں سے متفق ہے کیونکہ وہ یہ جانتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ بی ایم جی اینز ہی ان کی بہتر خدمت کرسکتے ہیں۔

چیئرمین بی ایم جی نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب بی ایم جی اینز اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تاجر و صنعتکار برادری کی بہتر وکالت کرنے کی کوشش کریں گے اور بی ایم جی کے عوامی خدمت کے مقصد کو آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

بی ایم جی کے کامیاب امیدواروںمیں محمد ثاقب، ایم شارق وہرہ، شمس السلام خان، محمد حنیف ایوب، قاضی ذاہد حسین،محمد ہلال شیخ، محمد علی، شیخ مدثر رفیق مگون، تنویر احمد باری، جاوید صدیق، چودہری محمد ذاہد بشیر، احمد عظیم علوی، محمد اقبال خمیسانی، ظہیر احمد اور فیض احمد شامل ہیں۔

جیسا کہ منیجنگ کمیٹی کے اراکین بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں لہٰذا 19 ستمبر2020 کو منیجنگ کمیٹی کے عام انتخابات اب نہیں ہوں گے جبکہ کے سی سی آئی کے عہدیداران برائے 2020-21 کے لیے انتخابات شیڈول کے مطابق جمعرات 24 ستمبر 2020  کو منعقد ہوں گے جن میں بی ایم جی کے امیدوار ایم شارق وہرہ بحیثیت صدر، ثاقب گڈلک بحثیت سینئر نائب صدر اور شمس السلام خان بحیثیت نائب صدر بلامقابلہ منتخب ہوں گے کیونکہ پوری مینیجنگ کمیٹی بی ایم جی ارکان پر مشتمل ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here