جاز کے موبائل اکائونٹ صارفین کی تعداد میں 41 فیصد اضافہ

773

اسلام آباد: ملک کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی جاز نے کہا ہے کہ مالی سال 2020ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران اس کے صارفین کی تعداد 5.6 فیصد اضافے سے 62.8 ملین ہو گئی ہے جبکہ کمپنی کے 4 جی صارفین میں بھی 71.5 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ تعداد 19.1 ملین تک پہنچ گئی ہے۔

جمعرات کے روز کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق زیرِ جائزہ عرصے کے دوران موبی لنک جاز کے مجموعی سیلولر ڈیٹا صارفین کی تعداد میں سالانہ 11.1 فیصد اضافہ ہوا۔

کمپنی کے مطابق “سالانہ اعتبار سے فورجی سٹیشنز میں 17 فیصد (10 ہزار سے زائد) اضافے سے فورجی صارفین 30 فیصد ہو گئے ہیں جس کی بنا پر کمپنی نیٹ ورک پر مزید سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔”

جاز کی سیلف کئیر ایپ، جاز ورلڈ کے ماہانہ 60 لاکھ ایکٹو صارفین ہوگئے ہیں، جس میں سالانہ اعتبار سے 305 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ یہ پاکستان کی سب سے بڑی ٹیلی کام ایپ بن گئی ہے۔

مالی لحاظ سے جازکیش کے ماہانہ متحرک موبائل والٹس میں بھی مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے جو 8.1 ملین صارفین تک جا پہنچے ہیں، جو سالانہ اعتبار سے 41 فیصد زیادہ ہے۔

76 ہزار سے زائد رجسٹرڈ فری لانسرز 1.23 ارب روپے مالیت کی ٹرانزیکشنز کررہے ہیں، کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ جازکیش فری لانسرز کیلئے پاکستان کا سب سے بڑا مالیاتی ادارہ بن گیا ہے۔

مجموعی طور پر جازکیش نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران 1.7 کھرب روپے مالیت کی 900 ملین ٹرانزکیشنز کی ہیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جاز عامر ابراہیم کے مطابق “کورونا وائرس کے دوران ہماری زیادہ تر توجہ  سستے اور قابلِ بھروسہ انٹرنیٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے پر تھی جو گھروں سے کام کرنے والے طلبا اور کاروباری افراد کے لیے بے حد ضروری تھا۔ آگے چل کر ہمارا مقصد اپنا فور جی نیٹ ورک مزید وسیع کرنا اور صارفین کی بڑھتی ہوئی ڈیٹا ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ڈیجیٹل سروسز کے پورٹ فولیو کو مضبوط کرنا ہے۔”

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here