اسلام آباد: پاکستان میں تعینات مصر کے سفیر طارق محمد حسین دہرگ نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ باہمی تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں دوطرفہ تجارت بڑھانے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصری سفارتخانہ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ابراہیم سید عبدالرحیم ابراہیم بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
مصر کے سفیر نے کہا کہ وہ مصر اور پاکستان کے مابین تجارتی تعلقات کو مزید بہتر کیلئے پرعزم ہیں اور اس مقصد کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کرنے کو تیار ہیں کیونکہ اس سے دونوں ممالک کی معیشتوں کے لئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مصر کے ساتھ تجارتی تعاون بڑھا کر پاکستان افریقی ممالک بشمول لیبیا، مراکش، سوڈان اور الجیریا کی مارکیٹوں تک بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مصر کو براہ راست برآمدات کو فروغ دینے پر توجہ دینی چاہئے جو دونوں کیلئے زیادہ فائدہ مند ہو گی۔
مصری سفیر نے کہا کہ پاک مصر بزنس کونسل کے لئے کافی عرصہ پہلے ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے لیکن اس پر مزید کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی لہٰذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک بامقصد نتائج کے حصول کیلئے ٹھوس کوششیں کریں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان تاریخی خوشگوار اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں جن سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بنیادوں پر استوار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 2017ء میں پاکستان اور مصر کی دوطرفہ تجارت صرف 154 ملین ڈالر کے قریب تھی جو دونوں کی اصل صلاحیت سے بہت کم تھی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک اپنے نجی شعبوں کے مابین مضبوط روابط کو فروغ دینے پر توجہ دیں تاکہ باہمی تعاون کے تمام ممکنہ مواقعوں سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
محمد احمد وحید نے کہا کہ پاکستان چاول، ماربل، انجینئرنگ سامان، زرعی مصنوعات، سرجیکل آلات، ادویات اور کھیلوں کے سامان سمیت اپنی متعدد مصنوعات مصر کو برآمد کرسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک زرعی مصنوعات، انجینئرنگ کا سامان جیسے بجلی کے آلات، تعمیر و تعمیراتی سامان، سیاحت، جہاز رانی، کھادسازی، کیمیکلز، ٹیکسٹائل مصنوعات، طبی اور سرجیکل آلات سمیت بہت سے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کئی پراڈکٹس تیسرے ملک کا لیبل لگ کر مصر جا رہی ہیں۔ حکومت ‘میڈ ان پاکستان’ برانڈز کو مصر میں فروغ دینے کیلئے نجی شعبے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے جس سے پاکستان کی برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا۔
پاکستان اور مصر کی دو طرفہ تجارت کو بہتر بنانے کے لئے دونوں ممالک تجارتی وفود کا باقاعدگی کے ساتھ تبادلہ کرنے کی حوصلہ افزائی کر یں اور ایک دوسرے کے ملک میں منعقد ہونے والی تجارتی نمائشوں میں شرکت یقینی بنائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور مصر آزادانہ تجارت کا معاہدہ کرنے پر غور کریں جس سے دونوں ممالک کے مابین تجارتی رکاوٹیں دور ہوں گی اور دوطرفہ تجارت کو بہتر فروغ ملے گا۔