کویت، 5 لاکھ 30 ہزار غیرملکیوں کی بےدخلی کا فیصلہ، ویزا کمپنیوں کیخلاف کریک ڈائون

793

کویت سٹی: کویت نے آبادی کا توازن ٹھیک کرنے کے لیے 5 لاکھ 30 ہزار غیرملکیوں کو سبکدوش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کویتی خبررساں ادارے کونا کے مطابق وزیر سماجی و اقتصادی امور مریم العقیل نے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے دوران آبادی میں توازن کی اصلاح سکیم کا جائزہ لیا۔

کویتی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ اس فیصلے پر عمل درآمد کی شروعات غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کی بے دخلی سے کی جائے گی، اس کے تحت ایک لاکھ 20 ہزار تارکین وطن کو کویت سے رخصت کیا جائے گا۔

60 برس سے زیادہ عمر والے کارکنان اور لاعلاج امراض میں مبتلا غیرملکیوں کی بھی چھٹی کی جائے گی۔ ان کی تعداد ڈیڑھ لاکھ کے لگ بھگ ہے۔

حکومت کویت نے اس حوالے سے ایک فیصلہ یہ بھی کیا ہے کہ ناخواندہ کارکنان یا معمولی تعلیم یافتہ غیرملکیوں سے بھی چھٹکارا حاصل کیا جائے گا۔ ان کی تعداد 90 ہزار سے زیادہ ہے۔

 کویتی وزیر سماجی و اقتصادی امور مریم العقیل نے بتایا کہ کویت کی آبادی میں 15 برسو ں کے دوران غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔

 دوسری جانب کویتی حکام کی جانب سے ویزوں کی تجارت میں ملوث فرضی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کے آغاز کے بعد سے 450 کمپنیوں کے خلاف 300 مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔

اخبار ’القبس‘ کے مطابق فرضی کمپنیوں کی جانب سے ویزوں کی تجارت کے رجحان کو ختم کرنے کے لیے امن عامہ کے ادارے نے جامع منصوبے کے تحت کارروائیوں کا آغاز کردیا جس کا مقصد ایسے افراد کو جو مختلف ممالک سے افرادی قوت درآمد کرکے انہیں آزاد چھوڑ دیتے ہیں کا سدباب کرنا ہے۔

اخبار نے ادارہ امن عامہ کے ذرائع کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ تحقیقات کے مطابق ایک لاکھ سے زائد غیر ملکی کارکنان ایسی کمپنیوں میں رجسٹرڈ ہیں جو فرضی ہیں اور اپنے ویزوں پر بلائے گئے کارکنوں کو نوکریاں فراہم نہیں کرتی بلکہ وہ کمپنیاں محض ویزوں کا کاروبار کرتی ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here