اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے ملک بھر میں جاری شجر کاری مہم کو جیو ٹیگنگ ٹیکنالوجی سے مانیٹر کرنے کے لیے موبائل ایپ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایک بیان کے مطابق مذکورہ ایپ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کی مدد سے تیار کی گئی ہے جس کا مقصد پاکستان میں لگائے جانے والے پودوں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنا ہے۔
ایپ میں جیو ٹیگنگ کا خصوصی فیچر رکھا گیا ہے جس کا مقصد محکمہ جنگلات کے افسران کے لیے شجرکاری کا ریکارڈ محفوظ رکھنا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: نوجوانوں کی فلاح کے منصوبے کامیاب جوان پروگرام کے فیز ٹو کو منظوری مل گئی
عثمان ڈار نے کہا کہ ایپ کے ذریعے لگائے جانے والے پودوں کی تعداد اور ان کے مقامات کی نشاندہی کی جائے گی۔
مزید برآں ایپ میں ایک سبز سیلفی فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے جس سے رضا کار پودے لگانے کے دوران اپنی تصاویر ایپلیکیشن پر اپ لوڈ کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ملک میں شجرکاری مہم میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔