اسلام آباد: پاکستان کا طیارہ ادویات، خوراک اور دیگر امدادی اشیاء لیکر جمعہ کو بیروت پہنچ گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 4 اگست کو بیروت میں ہونے والے ہولناک دھماکوں سے متاثرہ افراد کی امداد اور لبنانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان کا طیارہ 8 ٹن ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء پر مشتمل امداد لیکر جمعہ کو لبنان کے دارلحکومت بیروت پہنچ گیا۔
لبنان میں پاکستان کے سفیر نجیب درانی نے رفیق حریری بین الاقوامی ہوائی اڈے پر یہ امدادی سامان لبنانی وزارت خارجہ امور و تارکین وطن اور لبنانی مسلح افواج کے اعلی عہدیداروں کے حوالے کر دیا۔
اس سے قبل دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹیلیفون کر کے اپنے لبنانی ہم منصب چربل وہبی کے ساتھ بیروت دھماکوں میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اطہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت دکھ کی اس گھڑی میں لبنان کے بہادر عوام کے ساتھ ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی بھی بیروت دھماکوں پر ایرانی قیادت کے ساتھ اظہار تعزیت کر چکے ہیں، لبنانی عوام کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ضرور اس مشکل صورت حال سے نکل آئیں گے۔
بیروت دھماکوں کے حوالے سے اطہار ہمدردی کرنے اور ادویات اور دیگر سامان عطیہ کرنے پر لبنانی وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے مستقبل میں بھی دو طرفہ رابطہ کاری پر اتفاق کیا۔