اوٹاوا: امریکہ کی جانب سے کینیڈا سے درآمد ہونے والے خام المونیئم پر10 فیصد ڈیوٹی لگانے کے بعد کینڈا نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے امریکی مصنوعات پر ٹیرف ڈیوٹی عائد کردی ہے۔
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ایک ٹویٹ میں کینیڈا سے امریکہ برآمد ہونے والے المونیئم مصنوعات پر ڈیوٹی لگانے کے واشنگٹن کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوٹاوا بھی جوابی اقدام کرے گا۔
کینیڈا نے کہا ہے کہ وہ امریکی المونیم مصنوعات پر 2.7 ارب ڈالر ٹیرف عائد کر رہا ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اوٹاوا پر اپنے سابقہ معاہدوں پرعمل نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ کینیڈا سے درآمد ہونے والی المونیم مصنوعات پر دوبارہ 10 فیصد ڈیوٹی نافذ کریں گے، ٹرمپ کے اعلان کے مطابق نئی ڈیوٹی 16 اگست سے نافذ کی جائے گی۔
امریکہ نے 2018ء میں کینیڈا سے درآمد ہونے والی سٹیل پر25 فیصد ڈیوٹی نافذ کی تھی تاہم مئی 2019ء میں امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کے درمیان آزاد تجارتی سمجھوتے کے بعد اسے منسوخ کردیا تھا۔
ٹرمپ نے وائٹ ہائوس میں براجمان ہونے کے بعد سے مختلف ممالک حتی اپنے اتحادی ملکوں کے ساتھ بھی تجارتی جنگ شروع کر رکھی ہے۔ متعددامریکی کمپنیاں ٹرمپ کے ڈیوٹی پروگرام پر تنقید کر چکی ہیں۔