کراچی: وفاقی حکومت نے بریگیڈئیر (ر) شجاع حسن کو پاکستان سٹیل ملز (پی ایس ایم) کا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) تعینات کر دیا۔
جمعہ کے روز اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق شجاع حسن کو ایک سال کے لیے سی ای او پاکستان سٹیل ملز کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے، وہ فوری طور پر عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔
گزشتہ ماہ پاکستان سٹیل ملز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سی ای او کی پوسٹ کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے تین امیدواروں کے نام وفاقی حکومت کو تجویز کیے تھے۔
یہ بھی پڑھیے:
پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری سے حکومت کو ماہانہ 700 ملین روپے بچانے میں مدد ملے گی، حماد اظہر
ای سی سی کا اجلاس: پاکستان سٹیل ملز کے تمام ملازمین کو ایک ماہ کے اندر فارغ کرنے کی منظوری
بورڈ نے اول درجے کے امیدوار کو سٹیل ملز کی بحالی کے مقصد کے لیے چنا ہے، اس حوالے سے پی ایس ایم انتظامیہ کو وزارتِ صنعت و پیداوار کو مزید ایکشن کے لیے معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ایس ایم کو قابل سی ای او کی ضرورت ہے جو ادارے کے اثاثوں کی دیکھ بھال اور انتظامی امور میں فعال طور پر اپنا کردار ادا کرسکے، سی ای او کی تعیناتی کا مقصد سٹیل ملز کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر مؤثر طور پر عملدرآمد کرنا ہے۔
پاکستان سٹیل ملز کو پبلک پرائیویٹ ادارہ بنانے کے لیے ایک سے دوسال درکار ہوں گے۔ اس دوران سٹیل کی پیداوار کی بجائے مل کے تمام اثاثوں کی دیکھ بھال پر توجہ دی جائے گی۔