واشنگٹن: امریکا میں جاری کورونا بحران کے دوران گزشتہ ہفتے مزید 12 لاکھ شہریوں نے بے روزگاری الائونس کے لیے درخواستیں دیں۔
امریکی لیبر ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کئے گئے اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ کورونا کے پھیلائو کے دوران یہ مسلسل 20 واں ہفتہ ہے کہ 10 لاکھ سے زائد امریکی شہریوں کو حکومتی امداد حاصل کرنے کی راہ اپنانا پڑی۔
اس سے پچھلے ہفتے کے دوران بے روزگاری الائونس کے لیے حکومت سے رجوع کرنے والے افراد کی تعداد اس سے پچھلے ہفتے کے مقابلے میں دو لاکھ 49 ہزار کم تھی۔
تعداد میں اس کمی کا تعلق ممکنہ طور پر وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ہفتے مہیا کی گئی اضافی رقم سے تھا۔
گزشتہ ہفتے تک امریکہ کی وفاقی حکومت بے روزگار ہونے والے ہر فرد کو ریاستی حکومتوں کی طرف سے دیئے گئے الائونس کے علاوہ ہر ہفتے 600 ڈالر کی اضافی امداد فراہم کر رہی تھی تاہم جولائی کے اختتام پر وفاقی امداد فراہم کرنے کی معیاد ختم ہو گئی ہے۔
صدر ٹرمپ کی انتظامیہ اور کانگرس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما ایک نئے ریلیف پیکج پر مذاکرات کر رہے ہیں۔