اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایت پر قومی احتساب بیورو (نیب) میں وائٹ کالر کرائمز کی موثر تفتیش کے لئے فوری طور پر ایک خصوصی سیل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق نیب کے خصوصی سیل میں وائٹ کالر کرائمز کی موثر تفتیش کے لئے انتہائی تجربہ کار تفتیشی افسران، بینکرز، چارٹرڈ اکاﺅنٹنٹس، انکم ٹیکس کے ماہر وکلاء، فرانزک ماہر اور فنانشل ایکسپرٹس شامل ہوں گے جو وائٹ کالر کرائمز کی تفتیش میں نیب افسران کی معاونت کریں گے۔
اس کے علاوہ قانونی موشگافیوں کو بہتر طور پر سمجھنے میں بھی مدد ملے گی۔
نیب کا خصوصی سیل وائٹ کالر کرائمز تحقیقات میں مزید معاونت کے لئے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) اور دیگر متعلقہ اداروں سے قانون کے مطابق رہنمائی حاصل کرنے کا مجاز ہو گا۔