صوبے کی آئل فیلڈز سے نکالے جانے والے تیل پر فی بیرل رائلٹی دی جائے : وزیراعلی خیبر پختونخوا

صوبے کی آئل فیلڈز سے یومیہ پچاس ہزار بیرل تیل نکالا جارہا ہے مگر وفاق اس پر کسی قسم کی کوئی رائیلٹی نہیں دیتا، وزیراعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کاؤنسل کے اجلاس میں وزیراعلی خیبر پختونخوا نے فی بیرل ایک ہزار روپے دینے کا مطالبہ کردیا

514

پشاور : خیبر پختونخوا حکومت نے وفاقی حکومت سے صوبے کی آئل فیلڈز سے نکالے جانے والے تیل پر فی بیرل ایک ہزار روپے رائلٹی کا تقاضا کر دیا۔

وزیراعلی خیبر پختونخوا کی جانب سے یہ مطالبہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس کے دوران کیا گیا جس کی صدارت وزیراعظم عمران خان کر رہے  تھے۔

اس وقت صوبے کی آئل فیلڈز سے یومیہ 50 ہزار بیرل تیل نکالا جا رہا ہے لیکن وفاقی حکومت خیبر پختونخوا حکومت کو گیس پر تو رائلٹی دے رہی ہے لیکن تیل پر کچھ نہیں دیتی۔

یہ بھی پڑھیے:

صارفین کے لیے بُری خبر، نیپرا نے پانچ ماہ کے لیے بجلی کی قیمتیں بڑھا دیں

سوئی سدرن کی وجہ سے پنجاب میں گیس بحران، سوئی ناردرن نے وفاقی حکومت سے مدد طلب کرلی

مشترکہ مفادات کونسل کے اس اجلاس میں کے پی حکومت نے وفاق سے بجلی کے خالص منافعے  کی وقت پر ادائیگی کا مطالبہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو برسوں میں صوبوں کو وفاق کی جانب سے بجلی کے خالص منافعے کی مد میں 121 ارب دیے جانے تھے مگر ابھی تک اس ضمن میں صرف 34.5 ارب روپے ہی جاری کیے گئے ہیں۔

ذرائع نے پرافٹ اردو کو بتایا کہ مشترکہ مفادات کونسل میں مطالبہ کرنے سے پہلے صوبائی حکومت نے تیل کی رائلٹی کے حوالے سے کبھی بھی بھر پور انداز میں بات نہیں کی تھی۔

معاملے پر مؤقف جاننے کےلیے  پرافٹ نے وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے توانائی حمایت اللہ خان اور صوبائی حکومت کے ترجمان اور مشیر اطلاعات و لوکل گورنمنٹ کامران بنگش سے رابطہ کیا مگر ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here