لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے صوبائی دارالحکومت کے بعد فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی مالز اور شاپنگ سنٹرز میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی۔
عدالت نے قرار دیا کہ پولی تھین بیگز نظر نہیں آنے چاہیے، عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے والوں کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ابوذر سلمان خان نیازی ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ محکمہ ماحولیات ہر صورت عدالتی حکم پر عمل درآمد کروائے، عدالتی حکم کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود محکمہ ماحولیات پولی تھین بیگز کے استعمال سے متعلق پابندی کے حکم پر عمل درآمد نہیں کروا رہا جس کے باعث شہر میں نکاسی کا سسٹم متاثر ہو رہا ہے، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، عدالت ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔
عدالت نے ڈائریکٹر جنرل ماحولیات کو عدالتی حکم پر مکمل عمل درآمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر ڈی جی ماحولیات سے عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی۔