اسلام آباد: ملائیشیا کو پاکستانی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 43.43 فیصد اضافہ جبکہ درآمدات میں 7.27 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2019-20ء کے دوران ملائیشیا کو231.480 ملین ڈالرمالیت کی برآمدات کی گئیں جومالی سال 2018-19ء کے مقابلے میں 43.43 فیصد زیادہ ہے۔
مالی سال 2018-19ء کے دوران ملائیشا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 161.38 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعدادوشمارکے مطابق جون 2020ء میں ملائشیا کو16.79 ملین ڈالرمالیت کی برآمدات کی گئیں۔ گزشتہ سال جون میں ملائیشیا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 28.01 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال میں ملائشیا سے درآمدات میں 7.27 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ مالی سال 2019-20ء کے دوران ملائیشیا سے درآمدات کا حجم 948.35 ملین ڈالررہا۔
مالی سال 2018-19ء میں ملائشیا سے درآمدات کا حجم 1.017 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، جون 2020ء میں ملائشیا سے 85.01 ملین ڈالرمالیت کی درآمدات کی گئیں۔ گزشتہ سال جون میں ملائشیا سے 58.35 ملین ڈالر مالیت کی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔