اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکومت کو مخصوص حالات میں موبائل فون سروس بند کرنے کی اجازت دے دی۔
عدالت عظمیٰ سے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مخصوص حالات میں حکومت موبائل فون سروس کی بندش کر سکتی ہے۔
رواں سال 22 اپریل کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں عدالت عظمی کے ڈویژن بینچ نے موبائل فون سروس بندش کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام ڈویژن ) کی جانب سے 26-12-2009 کو پاکستان ٹیلی کمیونیکشن ( ری آرگنائزیشن ) ایکٹ 1996 کے سیکشن 8(2)(سی) کے تحت جاری کردہ پالیسی ہدایت کو منسوخ کر دیا تھا۔
عدالت عظمیٰ نے پی ٹی اے اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو حکم دیا ہے کہ وہ مخصوص حالات میں متعلقہ قوانین اور ایس او پیز کے تحت موبائل فون سروس معطل کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں عوامی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کیلئے پی ٹی اے مخصوص مواقع پر موبائل فون سروس معطل کرتی ہے۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پی ٹی اے نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔