عمران غزالی وفاقی وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے جنرل مینیجرمقرر

عمران غزالی پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کے بانی رکن ہیں وہ 2013 اور 2018 کے انتخابات کے دنوں میں سوشل میڈیا پر پارٹی کی انتخابی مہم بھی چلا چکے ہیں، ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے قیام کا مقصد سوشل میڈیا پر حکومت بارے جعلی خبروں کا قلع قمع کرنا اور امیج سازی ہے۔

642

اسلام آباد : اُمیدواروں اور انکی اہلیت کی مہنیوں پر مبنی جانچ پڑتال کے بعد حکومت نے عمران غزالی کو ڈیجیٹل میڈیا ونگ کا جنرل مینیجر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وہ وزارت نشریات و اطلاعات کے ماتحت ذمہ داریاں ادا کریں گے اور انکی تعیناتی کے حوالے سے اعلان رواں ہفتے متوقع ہے۔

سوشل میڈیا پر حکومت کے امیج کو متاثر کرنے والی جعلی خبروں کے تدارک اور اس سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت نے مارچ میں چار کروڑ بیس لاکھ روپے سے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے قیام کی منظوری دی تھی۔

یہ بھی پڑھیے:

سٹیٹ بنک نے ڈیجیٹل پیمنٹ گیٹ وے  پے فاسٹ کو خدمات کی فراہمی کی اجازت دے دی

ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے گوگل کا بھارت میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان

وزارت اطلاعات کے ذیلی ادارے کے طور پر کام کرنے والا یہ ادارہ حکومت کو ڈیجیٹل میڈیا کے حوالے سے پالیسی تشکیل دینے اور حکومت پر ہونے والی تنقید کا توڑ کرنے کے حوالے سے معاونت فراہم کرے گا۔

ذرائع کا پرافٹ اردو کو بتانا تھا کہ ڈیجیٹل میڈیا ونگ حکومت کا سٹریٹیجک یونٹ ہوگا جوکہ ڈیجیٹل میڈیا کے لیے نتائج دینے والا کانٹینٹ تیار کرنےاور ڈیجیٹل پبلک ریلیشنز کی مد میں کام کرنے کے علاوہ سوشل میڈیا پر حکومت کے حوالے سے مستند معلومات فراہم کرے گا۔

اس ونگ کے سربراہ کے طورپر عمران غزالی کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر ریاست پاکستان کے مفادات کے تحفظ، دفاع اور ترویج کی ذمہ داری دے سونپی جائے گی۔

ذرائع کا مزید بتانا تھا کہ یہ ڈیجیٹل میڈیا ونگ تمام وفاقی وزارتوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو چلانے کا ذمہ دار بھی ہوگا۔

ڈیجیٹل میڈیا ونگ کا سربراہ بننے سے پہلے عمران غزالی برطانوی حکومت کے ڈیپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ کے تحت چلنے والے بہبود آبادی کے پروگرام کے سوشل میڈیا ہیڈ کے طور پر کام کرہے تھے۔

ذرائع کا بتانا تھا کہ مخلتف نامور اداروں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ عمران غزالی کی بطور سربراہ ڈیجیٹل میڈیا ونگ تعیناتی کی ایک بڑی وجہ ہے۔

عمران غزالی پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کے بانی رکن ہیں اور 2013 اور2018 کے انتخابات کے دنوں میں انہوں نے سٹار کام پاکستان کے ساتھ مل کر پارٹی کی سوشل میڈیا سٹریٹیجی تشکیل دی تھی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here