سٹیٹ بنک کی ری فنانس سکیم کے تحت 12 لاکھ سے زائد ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم

230

اسلام آباد: کورونا وائرس کی وباء کے دوران روزگار کے تحفظ کیلئے سٹیٹ بنک آف پاکستان (ایس بی پی) کی ری فنانس سکیم کے تحت اب تک 12 لاکھ ، 31 ہزار824 ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بنک نے کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لئے لاک ڈاﺅن کے باعث پیدا ہونے والی معاشی مشکلات اور بے روزگاری روکنے کے لیے یہ سکیم متعارف کرائی ہے، سکیم کے تحت کاروباری ادارے مستقل، کنٹریکٹ اور دیہاڑی دار سمیت ہر قسم کے ملازمین و آوٹ سورس کارکنان کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے سستے قرضے حاصل کر سکتے ہیں۔

سکیم کے تحت ابتدائی طور پر اپریل 2020ء سے جون 2020ء کے دوران اپنے ملازمین کو برطرف نہ کرنے والے ادارے ملازمین کی تین ماہ کی تنخواہوں کے لیے پانچ فیصد شرح سود پر قرض حاصل کر سکتے ہیں جس میں بعد میں ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔

 فعال ٹیکس گزاروں کی فہرست میں شامل ادارے چار فیصد کی شرح پر قرضہ لے سکیں گے، سکیم میں ان چھوٹے کاروباری اداروں کو ترجیح دی جا رہی ہے جن کی تین ماہ کی اجرتوں اور تنخواہوں کا خرچ 20 کروڑ روپے تک ہے وہ اس پوری رقم کی فنانسنگ حاصل کر سکیں گے۔

سٹیٹ بنک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 10 جولائی تک اس سکیم کے تحت 2724 کاروباری اداروں اور کمپنیوں نے 14 لاکھ، 51 ہزار 771 ملازمین کے روزگار کے تحفظ کیلئے ایک کھرب 52 ارب 79 کروڑ روپے سے زائد کے قرضہ کیلئے درخواستیں دائر کیں۔

اعدادوشمار کے مطابق سٹیٹ بنک نے ان میں سے 2068 اداروں اور کمپنیوں کی جانب سے ایک کھرب 25 ارب 96 کروڑ 10 لاکھ روپے تک کے قرضہ درخواستوں کی منظوری دی اور یوں 12 لاکھ 31 ہزار 824 ملازمین کے روزگارکو تحفظ فراہم کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here