اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 5 روپے فی لٹر اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں تین روپے چھیاسی پیسے اضافہ کیا گیا ہے جو اب 100.10 روپے فی لٹر سے مہنگا ہو کر 103.97 روپے فی لٹر ہو گیا ہے۔
اسی طرح، حکومت نے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی پانچ روپے اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے جو 101.46 روپے فی لٹر سے بڑھ کر 106.46 روپے فی لٹر ہوگیا ہے۔
ہائی سپیڈ ڈیزل زیادہ تر زراعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں استعمال کیا جاتا ہے اس کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے مذکورہ شعبوں میں افراطِ زر میں مزید اضافہ ہو گا۔
کیروسین آئل کی قیمت میں بھی 5.97 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے، مذکورہ آئل کی نئی قیمت 65.29 روپے ہو گئی ہے، یہ فیول ان علاقوں میں استعمال کیا جاتا ہے جہاں کھانے پکانے کے لیے ایل پی جی دستیاب نہ ہو۔
مزید براں، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6.62 روپے اضافہ ہوا ہے اسکی نئی قیمت 62.86 روپے فی لٹر کر دی گئی ہے۔ یہ فیول زیادہ تر انڈسٹری میں استعمال کیا جاتا ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق ہفتے کی رات سے ہو گا۔
یہ مدِنظر رہے کہ حکومت نے 26 جون کو جولائی کے لیے پیٹرول کی قیمت میں یکبار 25.58 روپے فی لٹر اضافہ کیا تھا۔