اسلام آباد: حکومت کے بلندوبانگ دعوؤں کے باوجود شوگر اور گندم انڈسٹریز میں مافیا سرگرم ہیں، تاہم حکومت چینی اور آٹے کی سپلائی کم قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانے میں ناکام نظرآتی ہے۔
کراچی میں ایک کلوگرام چینی کی قیمت 95 روپے جبکہ آٹا 70 روپے فی کلوگرام قیمت میں فروخت کیا جارہا ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں میں بھی خوراک کی قیمتوں میں افراطِ زر میں اضافہ ہورہا ہے۔ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی چینی کی قیمت 95 روپے سے 100 روپے فی کلو ہے۔
اسی طرح، ملک میں 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بھی مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ حتیٰ کہ یوٹیلیٹی سٹورز میں بھی 20 کلوگرام آٹے کا تھیلہ حکومت کی جانب سے مقرر کی گئی قیمت کے برعکس مہنگے داموں میں فروخت ہورہا ہے۔
ملتان میں 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت حکومت کی جانب سے مقرر کردہ 860 روپے کی بجائے 1020 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔ اس دوران، شہر میں چینی کی قیمت حکومت کی جانب سے 70 روپے فی کلوگرام طے کردہ کی بجائے 90 روپے سے 92 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔