برطانیہ کا ادویہ ساز کمپنیوں کے ساتھ  کورونا کی ممکنہ ویکسینز کی 60 ملین خوراکوں تک رسائی کا معاہدہ

724

لندن: برطانیہ اور فرانس کی ادویات ساز کمپنیوں جی ایس کے اور سانوفی کے درمیان برطانیہ کو مشترکہ طور پر تیار کی گئی ممکنہ کورونا ویکسینز کی 60 ملین خوراکوں کی فراہمی کا معاہدہ طے پا گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے سانوفی اور جی ایس کے نے بدھ کو بتایا کہ انہوں نے برطانیہ کو 60 ملین ممکنہ ویکسینز کی فراہمی پر اتفاق کیا ہے اور کورونا  ویکسین کی دنیا بھر میں رسائی اور موزوں قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

فرانسیسی ادویات ساز کمپنی سانوفی نے اعلان کیا کہ کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لیے ویکسین کی عالمی سطح پر رسائی کو یقینی بنانے کے لیے یورپین کمیشن، فرانس، اٹلی اور دیگر ممالک کے ساتھ  بات چیت جاری ہے۔

کمپنی نے پیشگوئی کی کہ آئندہ سال کے ابتدائی 6 ماہ تک کورونا ویکسین کی منظوری حاصل کی جا سکتی ہے۔

برطانوی ادویات ساز کمپنی جی ایس کے کے صدر راجر کونر نے کہا کہ دونوں کمپنیاں برطانیہ اور دنیا بھر میں کورونا وباء پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

واضح رہے کہ قبل ازیں برطانیہ نے امریکی ادویات ساز کمپنی فائزر، جرمنی کی بایو این ٹیک، اور فرانسیسی کمپنی والنیوا کی ممکنہ ویکسین کی 90 ملین خوراکوں تک رسائی حاصل کر لی ہے جس میں فائزر اور بایو این ٹیک کی تیار کردہ ممکنہ ویکسین کی 30 ملین اور فرانس کی تیار کردہ ویکسین کی 60 ملین خوراکیں شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here