وزیرِ اعظم کی پسماندہ علاقوں میں انٹرنیٹ کی کوریج بہتر بنانے، طلباء کو آسان رسائی دینے کی ہدایت

260
Prime Minister Imran Khan chairs meeting regarding Telecom sector of Pakistan, in Islamabad on July 28, 2020

اسلام آباد:  وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں انٹرنیٹ کی وسیع اور بہتر کوریج کو یقینی بنانے اور ٹیلی کام شعبے سے متعلقہ امور پر غور کرنے کے لئے منگل کو اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء شفقت محمود، محمد حماد اظہر، امین الحق، اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی تانیہ ایدرس، سیکرٹری انفارمیش ٹیکنالوجی ڈویژن، چئیرمین پی ٹی اے ، سی ای او یونیورسل سروس فنڈ و دیگر حکام شریک ہوئے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق اجلاس کے دوران ملک میں انٹرنیٹ کی وسیع اور بہتر کوریج کو یقینی بنانے اور ٹیلی کام سیکٹر کے حوالے سے متعلقہ مسائل کے حل، طلباء تک انٹرنیٹ کی آسان رسائی اور سستے پیکیج کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان کے پس ماندہ علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ کی کوریج کو یقینی بنانے کے حوالے سے یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے مختلف منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ٹیلی سکولنگ اور انٹرنیٹ کے ذریعے تعلیم کی فراہمی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لئے ضروری ہے کہ انہیں تعلیم کے حصول میں آسانیاں فراہم کی جائیں۔

وزیرِ اعظم نے موبائل اور انٹرنیٹ کوریج کو وسعت دینے خصوصاً دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں کوریج بڑھانے کے حوالے سے یو ایس ایف کے مختلف اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ تعلیم جیسے ترجیحاتی شعبے کو یو ایس ایف کے دائرہ کار میں شامل کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کو تیز کیا جائے۔

نوجوانوں تک انٹرنیٹ کی آسان رسائی، سستے پیکیجز کی فراہمی اور ٹیلی کام سیکٹر سے متعلقہ ایشوز کے حل کے لئے وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ان معاملات کو اقتصادی رابطہ کمیٹی میں زیر غور لایا جائے اور آئندہ دو ہفتوں میں اس حوالے سے فیصلے کیے جائیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here