اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سابق سیکرٹری فنانس ڈاکٹر وقار مسعود خان کو مختلف شعبوں کیلئے سبسڈیز مختص کرنے کیلئے قائم کردہ ‘سبسڈیز سیل’ کا سربراہ تعینات کر دیا۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری ایک سرکلر میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر وقار مسعود کو وزارتِ خزانہ میں قائم کیے گئے ‘سبسڈیز سیل’ کا سربراہ تعینات کرنے کی منظوری دی ہے، ڈاکٹر وقار اعزازی طور پر کام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے:
بجٹ جائزہ اجلاس، وزیر اعظم کی سبسڈیز کے موجودہ نظام پر نظرثانی کی ہدایت
نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے لیے بنک فنانس پر مارک اپ سبسڈی کی منظوری دے دی گئی
سبسڈیز کے امور سے متعلق وزارتِ خزانہ، دیگر تمام وزارتیں، ڈویژنوں سے متعلقہ حکام ‘سبسڈیز سیل’ کو تمام ضروری تعاون فراہم کریں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے معیشت کی بہتری کیلئے قائم کردہ تھنک ٹینک کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو ہر شعبے میں فراہم کی جانے والی سبسڈی کا جائزہ لینے کے لیے ایک سیل قائم کرنے اور سبسڈیز کے لیے مؤثر سفارشات جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
وزارتِ خزانہ میں موجود ذرائع کے مطابق سبسڈیز کے معاملے بدعنوانی سامنے آنے کے بعد صرف ضرورت مند افراد تک مختص کردہ سبسڈیز پہنچانے کیلئے مذکورہ سیل قائم کیا گیا ہے۔