اسلام آباد: سٹیٹ بینک آف پاکستان نے روزگارسکیم کے تحت عیدالاضحیٰ سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کی منظوری دیدی۔
قبل ازیں بینکوں کیلئے ضروری تھا کہ وہ تنخواہوں کے سائیکل کی تکمیل یعنی مہینہ مکمل ہونے پر تنخواہیں جاری کریں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق اب روزگار سکیم کے تحت کاروباری ادارے ماہ جولائی کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے معاونت یا تنخواہیں ادا کر کے بعد ازاں بینکوں سے رقوم حاصل کر سکتے ہیں۔
سٹیٹ بینک نے کاروبار کیلئے ایک سے زیادہ بینکوں سے قرض حاصل کرنے میں بھی سہولت فراہم کی ہے۔
قبل ازیں کاروبار یا کمپنیوں کیلئے قرضہ کی حد یا دیگر وجوہات کی وجہ سے قرضہ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا تاہم کاروباری ادارے ایک خاص ماہ کیلئے ایک سے زیادہ بینکوں سے قرضہ حاصل نہیں کر سکتے۔
سٹیٹ بینک نے کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاون اور معاشی سرگرمیوں میں کمی کے تناظرمیں اپریل میں روزگار سکیم کا آغاز کیا تھا، اس سکیم کے تحت کاروباری اداروں کو اپنے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے رعایتی قرضوں کی فراہمی تھا تاکہ معاشی مشکلات کے دور میں کاروباری ادارے اپنے ملازمین کو بے روزگار نہ کریں۔
ابتدائی طورپریہ سکیم تین ماہ (اپریل تاجون) کیلئے شروع کی گئی تاہم بعدازاں اسے ستمبر 2020ء تک توسیع دی گئی۔
اس سکیم کے تحت 17 جولائی 2020ء تک 2141 کاروباری اداروں اور کمپنیوں کو 12 لاکھ 50 ہزارملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے 128.6 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے۔