اسلام آباد: بلوچستان حکومت روشن بلوچستان پروگرام کے تحت چھوٹے پیمانے پر بجلی کے منصوبے شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے جسے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیو ایس سی او) کے حوالے کیا جائے گا۔
بلوچستان حکومت کے ذرائع کے مطابق چھوٹے پیمانے پر بجلی کے منصوبوں سے حاصل ہونے والی توانائی سٹریٹ لائٹس اور واٹر سپلائی ٹیوب ویلوں کے لئے استعمال کی جائے گی۔
روشن بلوچستان پروگرام کے تحت بجلی کی فراہمی کے منصوبے آف گرڈ علاقوں میں ایک مخصوص جگہ پر بنائے جائیں گے جس سے دور دراز علاقوں کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے بلوچستان الیکٹرک کمپنی لمیٹڈ کے قیام کا بھی منصوبہ بنایا ہے جو بجلی پیدا کرنے کے لئے استعمال ہونے والے ہائیڈرو کاربن (تیل و گیس) کی تلاش اور ترقیاتی منصوبوں پر کام کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کی شاہراہوں پر نئے قائم میڈیکل ایمرجنسی رسپانس مراکز بھی شمسی توانائی سے منسلک ہوں گے، حکومت بلوچستان صوبے کے سرد علاقوں میں مساجد اور عوامی مقامات پر شمسی گیزر فراہم کرنے پر کام کر رہی ہے۔
اس پروگرام میں 10 شمسی توانائی کے منصوبے شامل ہیں جن سے صوبے کے ایک ہزار 890 دیہاتوں کی 0.675 ملین آبادی کو فائدہ ہوگا، 2020-21ء کے قابل تجدید توانائی منصوبوں میں چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت خصوصی افراد کے 10 ہزار گھروں کو شمسی توانائی کی فراہمی اور 500 میگاواٹ وِنڈ پلانٹس کی تنصیب کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں انرجی پارک منصوبوں کے قیام کے لئے اراضی کے حصول کا کام جاری ہے، سبی میں پانچ ہزار ایکڑ اراضی ، نوکونڈی میں ونڈ انرجی پارک کے لئے 10 ہزار ایکڑ، قلعہ سیف اللہ شمسی توانائی پارک اور مستونگ کے لئے دو ہزار ایکڑ اراضی ، پشین ، خضدار ، لورالائی ، پنجگور اور لسبیلہ اضلاع میں شمسی توانائی کے پارکوں کے لئے ایک ہزار ایکڑ اراضی حاصل کی جا رہی ہے۔