اسلام آباد: اٹلی میں پاکستان کے سفیر جوہر سلیم نے کہا ہے کہ اطالوی حکومت نے اٹلی میں زاراعت اور ڈومیسٹک ہیلپرز کے طور پر کام کرنے والے غیرقانونی پاکستانی تارکین وطن کو عارضی طور پر ریگولر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اٹلی میں پاکستانی سفیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اطالوی حکومت نے زرعی شعبے اور ڈومیسٹک ہیلپرز کے طور پر کام کرنے والے غیرقانونی پاکستانی تارکین وطن کو ناصرف عارضی طور پر ریگولر کرنے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ انہیں صحت کی سہولتیں بھی دی جائیں گی۔
پاکستانی سفیر کے مطابق اٹلی میں پاکستانی سفارت خانہ ملازمین کو ان کے دستاویزی کوائف مکمل کرنے کے لیے سہولت دے رہا ہے تاکہ وہ بھرپور طریقے سے اس سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں، انہوں نے مزید کہا کہ سفارت خانہ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے باوجود بھی کھلا ہوا ہے۔
جوہر سلیم نے مزید کہا کہ مالی سال 2020ء کے دوران پاکستان نے کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن سے متاثرہ عالمی سپلائی چین کے باوجود اطالوی مارکیٹ کو کافی مقدار میں برآمدات کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
یورپ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں 12.67 فیصد اضافہ
تجارتی خسارے میں کمی سے پاکستان کو 8.6 ارب ڈالر کی بچت ہوئی
اس وقت اٹلی دنیا بھر کی آٹھویں جبکہ یورپ میں تیسری بڑی معیشت سمجھا جاتا ہے جس کا جی ڈی پی دو کھرب ڈالر ہے، یورپ میں اٹلی پاکستان کی برآمدات کا 9واں بڑا برآمدکنندہ ملک ہے جہاں سب سے زیادہ پاکستانی قیام پذیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے سبب اٹلی کی معیشت بری طرح تباہ ہو چکی ہے، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اٹلی کی معاشی ترقی میں 9 سے 11 فیصد گراوٹ جبکہ مرکزی بینک نے ملک کے جی ڈی پی میں 9 سے 13 فیصد کمی کی پیش گوئی کی ہے۔
پاکستانی سفیر کے مطابق مالی سال 2019ء میں پاکستان کا اٹلی کے ساتھ 164 ملین ڈالر کا تجارتی خسارہ تھا تاہم کورونا وائرس کے باوجود پاکستان نے اٹلی کے ساتھ 210 ملین ڈالر کی اضافی تجارت کی ہے، مالی سال 2020ء کے لیے پاکستان نے اٹلی کو 731 ملین ڈالر برآمدات جبکہ اٹلی سے 521 ملین ڈالر کی درآمدات کیں۔
پاکستان کی جانب سے اٹلی کو ٹیکسٹائل، چمڑے، چاول اور ایتھانول کی برآمدات کی گئیں، اٹلی اپنی ضرورت کا 38 فیصد چاول پاکستان سے منگواتا ہے، پاکستانی سفیر نے اٹلی کی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی ترویج پرزور دیا۔
جوہر سلیم نے مزید کہا کہ مالی سال 2020ء میں اٹلی نے پاکستان میں 56.4ملین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کی جبکہ گزشتہ برس 51.9 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔
جوہر سلیم نے بتایا کہ اٹلی میں مقیم پاکستانی یورپ میں سب سے زیادہ ترسیلاتِ زر بھیجتے ہیں، مالی سال 2019-2020ء میں اٹلی سے موصول ترسیلات زر میں 29 فیصد اضافہ ہوا، مالی سال 2020ء کے دوران پاکستانی ملازمین نے مجموعی طور پر 142.9 ملین ڈالر کے ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجے۔