سی پیک: وزارت منصوبہ بندی کے اختیارات کم کرنے کے معاملے پر عاصم باجوہ کا جواب

سی پیک منصوبوں کے حوالے سے وزارت منصوبہ بندی کا کردار کم کیا جارہا ہے نہ ارادہ ہے، تمام منصوبے وقت پر مکمل کیے جائیں گے : سربراہ سی پیک اتھارٹی

642

اسلام آباد : چیئرمین سی پیک اتھارٹی جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے وزارت منصوبہ بندی کے کردار کو محدود کرنے کی خبروں کی تردید کر دی۔

انہوں نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں میں وزارت منصوبہ بندی کے کردار کو محدود کرنے اور سی پیک اتھارٹی کے اختیارات کو بڑھانے جیسی کسی چیز پر کام نہیں ہو رہا۔

 معاملے پر سینیٹ کی کمیٹی برائے سی پیک میں بھی بات ہوئی جس میں اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے سربراہ سی پیک اتھارٹی سے اس حوالےسے سوال جواب کیے اور دریافت کیا کہ اگر سی پیک منصوبوں پر وزارت منصوبہ بندی کے کردار کو محدود کیا گیا ہے تو اس بارے میں کمیٹی کو لاعلم کیوں رکھا گیا؟

تاہم عاصم باجوہ نے کمیٹی کو بتایا کہ نہ تو ایسا کوئی اقدام ہوا ہے اور نہ ہی ایسا کرنے کا ارادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

سی پیک مغربی روٹ کی بڈنگ کا عمل شروع

’آئی ایم ایف، مغرب کو خوش کرنے کیلئے سی پیک سرد خانے ڈال دیا گیا‘

سینیٹ کمیٹی کی چئیرپرسن سینیٹر شیری رحمان نے معاملے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ  سننے میں آ رہا ہے کہ وزارت منصوبہ بندی کے اختیارات میں کمی کرکے سی پیک اتھارٹی کے اختیارات میں اضافہ کیا جا رہا ہے لہٰذا ان باتوں کی وضاحت ضروری ہے۔

سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اگر سی پیک اتھارٹی کے اختیارات بڑھائے جا رہے ہیں تو کمیٹی کو اس کی وجوہات سے آگاہ کیا جانا چاہیے۔

تاہم سربراہ سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کے جواب کے بعد اس معاملے پر مزید بات نہیں کی گئی۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ اب تک سی پیک کے 19 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 28 پر کام جاری ہے، مزید منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔ سربراہ سی پیک اتھارٹی نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ تمام منصوبے بر وقت مکمل کر لیے جائیں گے۔

اس موقع پرسینیٹ کی کمیٹی برائے سی پیک کی چیئرپرسن سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پورے ملک کے لیے اہم ہے اور اس پر تمام جماعتوں کا اتفاق ہے اس پر کام جاری رہنا چاہیے اور اس میں صوبوں کی شمولیت بہت ضروری ہے۔

انہوں نے گوادر پورٹ سٹی کی تعمیر تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک کی کامیابی اس کے منصوبوں کی بروقت تکمیل میں ہے۔

کمیٹی اجلاس میں شریک سینیٹر ڈاکٹر اسد اشرف نے پوچھا کہ اورنج لائن ٹرین کے افتتاح میں تاخیر کیوں کی جا رہی ہے اگرچہ اس پر 99 فیصد کام مکمل کیے جانے کا دعوی کیا جا رہا ہے؟

اس پر عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ منصوبے کا کچھ کام ابھی باقی ہے جو کہ مکمل ہونے پر ٹرین چلا دی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here