کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری سیشن (بدھ) کے دوران منفی کاروبار کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس میں 322 پوائنٹس اضافہ ہوا اور انڈیکس 37000 کی سطح عبور کر گیا۔
جمعرات کے کاروباری روز کا آغاز ہوتے ہی کے ایس ای 100 انڈیکس میں 350 پوائنٹس کی تیزی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس دن بھر کی 37029 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر چلا گیا۔ تاہم کاروبار کا اختتام 322 پوائنٹس اضافے سے 37001 پوائنٹس پر ہوا۔
دیگر اعشاریوں میں کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 825 پوائنٹس کی تیزی سے یہ 59888 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیر انڈیکس میں 272 پوائنٹس اضافے سے یہ 26461 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کاروباری روز کے دوران 202 کمپنیوں نے مثبت جبکہ 131 کمپنیوں نے منفی کاروبار کیا۔
گزشتہ کاروباری سیشن (بدھ) کے دوران مجموعی مارکیٹ حجم 328.15 ملین شئیرز سے بڑھ کر 402.55 ملین شئیرز ہو گئے ہیں۔ جے ایس بینک لمیٹڈ، میپل لیف سیمنٹ فیکٹری لمیٹڈ اور پاک الیکٹرون لمیٹڈ کاروباری سکرین پر نمایاں رہے۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، سیمنٹ اور بینکنگ کے شعبے بھی مستحکم کاروبار کرنے میں کامیاب رہے، دیگر کمپنیوں کے مابین لکی سیمنٹ لمیٹڈ، پاک پیٹرولیم لمیٹڈ اور حبیب بینک لمیٹڈ بھی پوائنٹس ٹیبل پر مثبت رجحان میں دیکھے میں آئے۔