کلائمیٹ ایکشن: پاکستان نے اقوام متحدہ کا ہدف 10 سال پہلے ہی حاصل کر لیا

507

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی ہدف “کلائمیٹ ایکشن” کومقررہ مدت سے دس سال پہلے حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے، اس حوالے سے کلین اینڈ گرین پروگرام، بلین ٹری اور 10 بلین ٹری سونامی جیسے منصوبوں کا کردار اہم رہا ہے۔

پائیدار ترقیاتی اہداف 2020ء کی رپورٹ سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ماحول کے تحفظ کی اہمیت کو نہ صرف بھرپور طور پر اجاگر کیا ہے بلکہ اس کے لئے قومی سطح پر عملی اقدامات بھی کئے ہیں جن کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے ہدف “کلائیمٹ ایکشن” کو حاصل کرنا پاکستان کے لیے اہم کامیابی ہے، پاکستان نے یہ ہدف 2030ء کی ڈیڈلائن سے دس سال پہلے حاصل کرلیا ہے-

مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ حکومت نے ماحولیاتی تحفظ کو ترجییح دی ہے تاکہ فطرت کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ کورونا کی وبا فطرتی وسائل کے بے دریغ استمعال کے باعث سامنے آئی ہے، مستقبل میں وبائی امراض کو روکنے کے لیے ہم سب کو مل کر فطرت کو تحفظ فراہم کرنا ہو گا-

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ بلین ٹری اور ٹین بلین ٹری سونامی جیسے منصوبوں کی بدولت پائیدار ترقیاتی ہدف کو حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔ ان منصوبوں کو عمل میں لانے میں صوبائی حکومتوں نے بھی اہم کردار ادا کیا جس کی وجہ سے جنگلات کے رقبے میں اضافہ ہوا-

ملک امین اسلم نے کہا کہ بلین ٹری منصوبے سے ماحولیاتی بگاڑ میں کمی واقع ہوئی ہے. موجودہ حکومت نے فطرت کی بحالی کے لیے نیشنل پارکس کو محفوظ کرنے کے لیے بھی منصوبے پر عمل شروع کردیا ہے جس سے جنگلی حیات کو تحفظ دینے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت گاڑیوں میں استعمال ہونے والا تیل یورو 2 کوالٹی کا ہے جس سے عالمی حدت کا باعث بننے والی گیسوں کے اخراج میں اضافہ ہو رہا یے، ہم اب پاکستان میں یورو 5 کوالٹی کے فیول کو گاڑیوں میں استمعال کے حوالے سے اقدامات کررہے ہیں-

ملک امین اسلم نے کہا کہ یورو 5 کوالٹی کے فیول کے گاڑیوں میں استمعال سے بڑی حد تک ملکی سطح پر ان گیسوں کے اخراج میں کمی لائی جا سکے گی، اس کے علاوہ الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی کے نفاذ اور متبادل توانائی کے ذرائع کو فروغ دینے سے بھی ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے ڈپٹی ریزیڈنٹ نے ایس ڈی جی -13 کلائمیٹ ایکشن کے ہدف کے حصول میں کامیابی پر پاکستان کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان مشکل حالات کے باوجود پاکستان کی جانب سے یہ اہم سنگ میل عبور کرنا حوصلہ افزاء ہے۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ کوششوں اور بامقصد شراکت داری بہت ضروری ہے۔ اس موقع پر ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق امور کے ماہرین نے بھی اظہار خیال کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here