اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے وفاقی دارالحکومت کی اہم کی مارکیٹوں کو عالمی معیار کے مطابق لانے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے حکومت سے بنیادی انفراسٹرکچر کی مرمت کے لیے کام کے آغاز کی درخواست کی ہے۔
صدر آئی سی سی آئی محمد احمد وحید نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ چار سالوں سے اسلام آباد کے صنعتی علاقوں کی اہم مارکیٹوں میں کسی قسم کا ترقیاتی کام نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے ان علاقوں کی صورتحال ابتر ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کو پراپرٹی ٹیکس، واٹر چارجز اور صحت کے چارجز کی صورت میں کئی طرح کے ٹیکسز ادا کر رہی ہے، یہ فنڈز مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں کی ترقی اور مرمت کے لیے استعمال ہونا چاہیے تھے۔
انہوں نے سڑکوں کی مرمت، فٹ پاتھوں، سٹریٹ لائٹس، پانی اور سیوریج کے نظام کی مرمت پر زور دیتے ہوئے پبلک ٹوائلٹس اور فلٹریشن پلانٹس کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
وحید احمد نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے مئیر انصر عزیز نے حال ہی میں ایف-10 میں پبلک ٹوائلٹس بنانے کے اقدامات کا آغاز کیا ہے، تاہم اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں کی ہنگامی سطح پر مرمت کی جائے۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمان نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے اسلام آباد میں کاروباری سرگرمیاں بری طرح سے متاثر ہوئی ہیں۔
انہوں نے ایم سی آئی سے اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں سے تجاوزات ہٹانے کا مطالبہ کر تجاوازت سے مارکیٹوں کا حسن ماند پڑ جاتا ہے اور کاروبار کی ترقی میں رکاوٹ پیش آتی ہے۔
انہوں نے کورونا وائرس سے متاثرہ کاروباری برادری کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹیکس اور واٹر چارجز کم کرنے کی درخواست بھی کی۔