مینجنگ ڈائریکٹر کریم پے جنید اقبال نے کمپنی سے راہیں جدا کر لیں

جنید اقبال ' کریم پے' کے ایم ڈی کے طور پر کام کر رہے تھے، کمپنی کے سی ای او مدثر شیخا سے اختلافات پیدا ہونے پر راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا، حال ہی میں کمپنی نے 'کریم پے' کو بہتر بنانےاور اسکو توسیع دینے کا اعلان کیا تھا۔

737

اسلام آباد : کریم پے کے مینجنگ ڈائریکٹر جنید اقبال نے کمپنی کو خدا حافظ کہہ دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ‘کریم پے’ کے سابقہ ایم ڈی کے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مدثر شیخا کے ساتھ کچھ معاملات پر اختلافات پیدا ہو گئے تھے جس کے نتیجے میں انہوں نے کمپنی سے اپنی راہیں الگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

تاہم پرافٹ اردو کی جانب سے کریم پاکستان سے جب مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تو کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ جنید اقبال نے کریم پے کو چھوڑنے کا فیصلہ کسی اختلاف کی بناء پر نہیں کیا بلکہ ایسا انہوں نے ‘یہاں سے آگے بڑھنے’ کے لیے کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے :

لاک ڈاؤن: ٹیکسی سروس کریم کے کاروبار میں 80 فیصد کمی، 31 فیصد ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ

کریم کے حصول کے بعد کیا اوبر پاکستان میں رائیڈنگ سروس پر اپنی اجارہ داری قائم کر پائے گی؟

جنید  اقبال 2015ء میں کریم کا حصہ بنے اور انہوں نے کمپنی کو پاکستان میں کاروبار شروع کرنے میں بہت مدد فراہم کی، ‘کریم پے’ کے سربراہ بننے سے پہلے وہ کمپنی کے ساتھ سعودی عرب میں ٹیم لیڈ کے طور پر بھی کام کر چکے تھے۔

کریم کا کہنا ہے کہ ”ہم جنید اقبال کی کمپنی کے لئے خدمات پر شکر گزار ہیں اور مستقبل میں ان کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔”

جنید اقبال اگست 2019ء سے کریم پے کے مینجنگ ڈائریکٹر کے طور پر کام کر رہے تھے، اس سے قبل وہ کریم کے ایم ڈی کے عہدے پر بھی تعینات رہ چکے ہیں۔

کریم کو چھوڑنے کا ان کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کمپنی نے سپر ایپ لانچ کرنے کے علاوہ اپنے کاروبار کو مزید توسیع دینے اور ‘کریم پے’ کو کلوزڈ لوپ والٹ سے باقاعدہ آن لائن سٹور بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here