ہالینڈ کے سفارتخانہ کے اشتراک سے سندھ کے تین اضلاع میں پی پی ایز کی گھروں میں تیاری، خواتین کی تربیت کا پروگرام شروع

621

اسلام آباد: سندھ میں دیہی خواتین کووڈ19- سے تحفظ کے ذاتی آلات (پی پی ایز) تیار کر رہی ہیں تاکہ ملکی طلب کو پورا کیا جاسکے۔

غیر سرکاری ادارے سٹرینتھننگ پارسیپیٹری آرگنائزیشن (ایس پی او) نے ہالینڈ کے سفارتخانہ کے اشتراک سے سندھ کے تین اضلاع میں پی پی ایز کی گھروں میں تیاری اور خواتین کی تربیت کا پروگرام شروع کیا ہے۔

ایس پی او کے ریجنل ہیڈ پربھوستیانی نے کہا ہے کہ سندھ کے تین اضلاع بدین، ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد کے 15 دیہات میں کورونا وائرس کی وجہ سے بے روزگار ہو جانے والی دیہی خواتین کو روزگار کی فراہمی کےلئے پی پی ایز کی تیاری کی سلسلے میں تربیت کی فراہمی کے علاوہ سلائی مشینیں اور خام مال بھی فراہم کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ان کے تیار کردہ پی پی ایز کی فروخت میں بھی ان کی معاونت کی جا رہی ہے تاکہ وہ آمدنی کما کر اپنے اہلخانہ کی روزمرہ کی ضروریات پوری کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ خواتین اوران کے مرد شعبہ زراعت میں روزانہ کی اجرت پر کام کرتے تھے تاہم وباء اور سفری پابندیوں کی وجہ سے بے روزگار ہو گئے اور ان کے گھریلو اخراجات پورے کرنے میں شدید مسائل کا سامنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ ہالینڈ کے سفارتخانہ کی معاونت سے شروع کیا گیا پروگرام کامیابی سے چل رہا ہے جس سے سندھ کے تین اضلاع کے 15 دیہاتوں میں خواتین کو گھر میں روزگار فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین ماسکس، دستانوں کے علاوہ ذاتی تحفظ کے دیگر آلات تیار کرکے پیسے کمارہی ہیں۔ دوسرے مرحلے میں مزید دیہات کی خواتین کو اس حوالے سے معاونت فراہم کی جائے گی اورگھر چلانے والی خواتین کو علاج معالجہ کی سہولیات کے ساتھ ساتھ گھریلو اخراجات کےلئے مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here