کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز کے دوران ملا جلا رجحان رہا لیکن کاروبار کا اختتام مثبت رجحان کے سبب 48 پوائنٹس اضافے سے 36190 پوائنٹس پر ہوا۔
جمعہ کے کاروباری روز کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس کا آغاز ہوتے ہی 138.99 پوائنٹس کا خسارہ ہوا اور انڈیکس دن بھی کی 36003 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر آگیا۔ تاہم، کچھ دیر بعد یہ سلسلہ مثبت رجحان میں بدل گیا۔ کاروبار کا اختتام 48 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 36190 پوائنٹس پر ہوا۔
دیگر اعشاریوں میں کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 56 پوائنٹس اضافے سے یہ 57654 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیرانڈیکس میں 26 پوائنٹس اضافے سے یہ 25841 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران 143 کمپنیوں نے مثبت جبکہ 159 کمپنیوں نے منفی کاروبار کیا۔
گزشتہ سیشن (جمعرات) کے دوران مجموعی کاروباری حجم 467.5 ملین شئیرز سے کم ہو کر 293 ملین شئیرز ہوگئے تھے۔ یونیٹی فوڈز لمیٹڈ، میپل لیف سیمنٹ فیکٹری لمیٹڈ اور ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ کاروباری دوڑ میں سرِ فہرست رہے۔
کاروبار کے دوران سیمنٹ، بینکنگ اور کھاد کے شعبوں نے مثبت رجحان میں مرکزی کردار ادا کیا، دیگر کمپنیوں میں لکی سیمنٹ، نیشنل بینک آف پاکستان اور اینگرو کارپوریشن بھی پوائنٹس ٹیبل پر نمایاں نظر آئے۔