اسلام آباد: ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کے چئیرمین اظہر حمید نے کہا ہے کہ ای او بی آئی اگست تک تقریباََ چار لاکھ کے قریب رجسٹرڈ پینشنرز کو 2.4 ارب روپے کے بقایا جات ادا کرے گا۔
چئیرمین ای او بی آئی نے کہا کہ ای او بی آئی کے ساتھ ہر ریٹائرڈ ملازم کو اپریل سے جون تک 6000 روپے مقررہ پنشن کے علاوہ 8500 کی اضافی پینشن ملے گی، رواں ماہ کے اختتام تک ہر پینشنرکے بینک اکاؤنٹ میں کُل 14500 روپے منقتل کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی کی جانب سے رواں سال کے آغاز میں 2 ہزار روپے بڑھائے گئے ہیں جن کی منظوری وفاقی کابینہ نے دی تھی۔
چئیرمین ای او بی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے گزشتہ 20 ماہ کے دوران پینشنز میں 62 فیصد اضافہ کیا ہے، 2019ء میں 30 فیصد اضافہ کیا گیا جس کے بعد فی کس ادائیگی 6500 روپے تک پہنچ گئی۔
اظہر حمید نے کہا کہ مالی سال 2018 کے دوران ای او بی آئی نے 18.23 ارب روپے کا ریونیو جمع کیا تھا، مالی سال 2019 میں اس میں 15 فیصد اضافے کے ساتھ 20.7 ارب روپے جمع ہو چکے ہیں جبکہ آئندہ سال کا ہدف 21 ارب روپے ہے۔