جکارتا: انڈونیشیا کی لائن ائیر (lion air) نے پاکستان سے پروازیں شروع کرنے کا عندیہ دے دیا، اس حوالے سے ائیرلائن کے پاکستان سول ایوی ایشن حکام سے مذاکرات بھی جاری ہیں۔
ایک انڈونیشین سفارتکار کے مطابق “لائن ائیر پاکستان کے تین شہروں سے پروازوں کا آغاز کرنا چاہتی ہے، پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ ابھی تک کاغذات تک محدود ہے تاہم امید ہے کہ ائیرلائن انتظامیہ اور پاکستانی ایوی ایشن حکام کے مذاکرات جلد کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔”
یہ بھی پڑھیے:
کیا پی آئی اے کی جگہ عسکری ائیرلائن آ رہی ہے؟
کینیڈا کی سب سے بڑی ائیرلائن کورونا سے متاثر، ہزاروں ملازمین نکالنے کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے انسانی جانوں کے ضیاع اور عالمی معیشتوں کی تباہی کا بھیانک کھیل جاری ہے، ساتھ ہی ساتھ وبا کے معاشی و سماجی حوالے سے تباہ کن اثرات کو کم کرنے کی بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔
انڈونیشین سفیر نے کہا کہ اسلام آباد میں انڈونیشین سفارتخانے نے پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے ساتھ کراچی میں ایک اجلاس منعقد کیا تھا۔ “پی بی سی ملک کے بڑے کاروباری گروپس کی نمائندہ ہے اور پاکستان کے کاروباری ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے ایک ایڈووکیسی فورم کے طور پر کام کرتی ہے، پی بی سی اپنے ریسرچ پروجیکٹس سے حکومتِ پاکستان کو قابلِ قدر معاونت فراہم کرتی ہے جس میں دیگر ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ یا پریفرنشل ٹریڈ ایگریمنٹ شامل ہیں۔‘‘
آئیون ایس امری نے مختلف ممالک کے درمیان باہمی معاشی تعاون سے متعلق موجودہ مسائل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ممالک کے ساتھ پائیدار دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا اور پاکستان تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے ایک ساتھ ملکر کام کریں گے۔